سعودی نائب ولی عہد کی آرمی چیف سے جی ایچ کیو میں ملاقات

30 اگست 2016
راولپنڈی: سعودی وزیر دفاع اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا استقبال خود  راحیل شریف نے کیا—فوٹو/ اے پی پی
راولپنڈی: سعودی وزیر دفاع اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا استقبال خود راحیل شریف نے کیا—فوٹو/ اے پی پی

اسلام آباد: سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے مختصر دورہ پاکستان میں جی ایچ کیو جاکر آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے دورہ چین سے قبل پاکستان میں مختصر قیام کیا تھا اور انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر دفاع خواجہ آصف سے بھی ملاقات کی تھی۔

اسلام آباد سے روانگی کے بعد سعودی نائب ولی عہد کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کے نام شکریہ کا پیغام بھیجا گیا اور کہا گیا کہ اسلام آباد اور ملٹری ہیڈ کوارٹرز میں گزارے گئے چند گھنٹے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی گہرائیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں برس یہ سعودی وزیر دفاع کا دوسرا دورہ پاکستان تھا، سعودی عرب کو پڑوسی ملک یمن میں 18 ماہ سے جاری تنازع میں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ شام میں القاعدہ اور داعش کے خلاف امریکا اور روس کے ممکنہ فوجی تعاون کے حوالے سے بھی تشویش کا شکار ہے۔

ذرائع کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے خطے کی تبدیل ہوتی ہوئی صورتحال میں اپنے دیرینہ اتحادی سے تعاون کی یقین دہانی طلب کی۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی نائب ولی عہد کی نواز شریف سے ملاقات

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے سعودی وزیر دفاع کے دورہ پاکستان کے ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے آدھے گھنٹے ملاقات کی۔

اس دوران خطے خاص طور پر مشرق وسطیٰ کی سیکیورٹی، دفاعی تعاون سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔

سعودی شہزادہ محمد بن سلمان رات ایک بجکر 45 منٹ پر جی ایچ کیو پہنچے اور ان کا استقبال خود جنرل راحیل شریف نے کیا۔

یمن کے خلاف جنگ کا حصہ بننے سے انکار کے باوجود پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کے معاہدے موجود ہیں جن کے تحت ایک ہزار کے قریب پاکستانی فوجی مشیران وہاں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اس کے علاوہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے حوالے سے حکومت پاکستان واضح موقف رکھتا ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سعودی شہزادہ محمد بن سلمان اور نواز شریف کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا تاہم فوج کی جانب سے کیا نئے وعدے کیے گئے اسے منظر عام پر نہیں لایا گیا۔

یہ خبر 30 اگست 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں