کرغیزستان : چینی سفارتخانے پر کار بم حملہ،ایک شخص ہلاک

اپ ڈیٹ 30 اگست 2016
بشکیک: چینی سفارتخانے کے باہر خود کش حملے کے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی—فوٹو/ اے ایف پی
بشکیک: چینی سفارتخانے کے باہر خود کش حملے کے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی—فوٹو/ اے ایف پی

بشکیک: کرغیزستان میں چینی سفارتخانے پر ہونے والے کار بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کرغیزستان کے نائب وزیر اعظم جینش رزاقوف نے جائے وقوع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خود کش حملہ تھا جس میں حملہ آور مارا گیا اور تین مقامی افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق بارود سے بھری کار چینی سفارتخانے کے دروازے سے ٹکرانے کے بعد دھماکے سے تباہ ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص کار کا ڈرائیور ہی تھا اور یہ خود کش حملہ تھا۔

دھماکے کے نتیجے میں چینی سفارتخانے میں کام کرنے والے دو مقامی افراد اور ایک خاتون معمولی زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ چینی سفارتخانہ سابق سوویت ریاست کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک کے جنوب میں واقع ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ اس پر تشدد واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور کرغیزستان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس کی تہہ تک جائیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 10 کلو تک بارود استعمال کیا گیا اور مبینہ حملہ آور کی لاش دھماکے کے مقام سے تھوڑے فاصلے پر ملی ہے۔

دھماکے سے چینی سفارتخانے کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا اور حکام نے سفارتخانے کی عمارت کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔


تبصرے (0) بند ہیں