ناروے: آسمانی بجلی گرنے سے 323 ہرن ہلاک

30 اگست 2016
ہرن عام طور پر جھنڈ بناکر رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بجلی گرنے سے بڑی تعداد میں ان کی ہلاکت ہوئی —فوٹو/ اے ایف پی
ہرن عام طور پر جھنڈ بناکر رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بجلی گرنے سے بڑی تعداد میں ان کی ہلاکت ہوئی —فوٹو/ اے ایف پی

اوسلو: ناروے کے جنوب میں واقع نیشنل پارک میں 300 سے زائد قطبی ہرن آسمانی بجلی کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نارویجین حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی علاقے ہردن گرویدا میں واقع نیشنل پارک میں 323 قطبی ہرن مردہ حالت میں پائے گئے، اس نیشنل پارک میں 10 ہزار کے قریب قطبی ہرن قدرتی ماحول میں زندگی گزارتے ہیں۔

آسمانی بجلی کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے ہرن کی لاشیں نیشنل پارک میں بکھری ہوئی ہیں—فوٹو/ اے  پی
آسمانی بجلی کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے ہرن کی لاشیں نیشنل پارک میں بکھری ہوئی ہیں—فوٹو/ اے پی

ناروے کی ایجنسی برائے ماحولیات کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ علاقے میں گزشتہ دنوں موسم بہت زیادہ خراب تھا اور ایسے موسم میں جانور اکثر ایک ساتھ ہی رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہرن عام طور پر جھنڈ بناکر رہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بجلی گرنے کے نتیجے میں اتنی زیادہ تعداد میں ہرن بیک وقت ہلاک ہوگئے، ہرنوں کی اتنی بڑی تعداد میں ایک ساتھ ہلاکت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

نارویجین حکام کا کہنا ہے کہ وہ تذبذب کا شکار ہیں کہ آیا ان ہرنوں کو ٹھکانے لگادیا جائے یا انہیں قدرتی طور پر تلف ہونے کیلئے چھوڑ دیا جائے۔


تبصرے (0) بند ہیں