رونی کا 2018 ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

30 اگست 2016
وین رونی کا پریس کانفرنس کے دوران ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی
وین رونی کا پریس کانفرنس کے دوران ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی

برٹن: انگلینڈ کے کپتان اور مایہ ناز فٹبالر وین رونی نے روس میں ہونے والے 2018 ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

وسطی لندن میں واقع سنٹ جارج پارک میں پریس کانفرنس سے خطاب میں رونی نے کہا کہ حقیقتاً میں جانتا ہوں کہ روس میں میرے پاس انگلینڈ کیلئے کچھ بھی کرنے کا آخری موقع ہو گا لہٰذا میں یہ دو سال لطف اندوز ہونے کی کوشش کروں گا اور امید ہے کہ میں انگلینڈ کیلئے اونچائی پر اپنے کیریئر کو ختم کروں گا۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کے نئے منیجر سیم ایلرڈائس نے تصدیق کی تھی کہ اتوار سے سلواکیہ کے خلاف میچ سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں رونی ہی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

یہ رونی کا اپنی قومی ٹیم کیلئے 116واں میچ ہو گا جس کے ساتھ ہی وہ انگلینڈ کی سب سے زیادہ میچوں میں نمائندگی کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے جہاں اس سے قبل 115میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کا ریکارڈ مایہ ناز فٹبالر ڈیوڈ بیکہم کے پاس تھا۔

2014 سے قیادت کے منصب پر فائز رونی انگلینڈ کیلئے سب سے زیادہ 53 گول اسکور کرنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں تاہم چھ بڑے ٹورنامنٹس میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے کے باوجود وہ اپنی ٹیم کو کسی بھی ایونٹ میں کوارٹر فائنل سے آگے نہ پہنچا سکے۔

دو سال قبل برازیل میں ہونے والے ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم بدترین کارکردگی کے بعد گروپ مرحلے میں ہی ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی جبکہ رواں سال یورو کپ میں اسے آئس لینڈ جیسی معمولی ٹیم کے ہاتھوں شکست کی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کے کیریئر کا اب تک کا سب سے یادگار ایونٹ 2004 کا یورو کپ ہے جس میں انہوں نے چار گول اسکور کیے تھے تاہم اس کے بعد سے وہ کوئی متاثر کن کھیل پیش نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ میرا انٹرنیشنل کیریئر بہت شاندار رہا ہے جس میں متعدد میچ کھیلے اور ہر منٹ سے لطف اندوز ہوا لیکن بالآخر کسی موقع پر اس کا اختتام ہونا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں