ٹرپل ایچ کی ڈبلیو ڈبلیو ای میں حیران کن واپسی

30 اگست 2016
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ریسل مینیا 32 کے بعد سے ڈبلیو ڈبلیو ای سے غائب لیجنڈ ریسلر اور سی او او ٹرپل ایچ نے گزشتہ شب را کے دوران حیران کن واپسی کی اور کیون اوئنز کو نیا چیمپئن بنوا دیا۔

سمر سلیم میں سیٹھ رولنز کو شکست دے کر فن بیلور پہلے ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن بن گئے تھے اور یہ ٹائٹل انجری کے باعث انہیں چھوڑنا پڑا۔

جس کے بعد گزشتہ شب را میں فیٹل فور وے نامی مقابلہ وہا جس میں سیٹھ رولنز، بگ کاس، رومن رینز اور کیون اوئنز ایک دوسرے کے مدمقابل آئے اور آخر میں سال کا اب تک سب سے بڑا سرپرائز سامنے آیا۔

اس مقابلے میں سب سے پہلے بگ کاس کو کیون اوئنز نے چت کرکے باہر کیا۔

اس کے بعد سیٹھ رولنز، رومن رینز اور کیون اوئنز کے درمیان کافی زبردست مقابلہ ہوا اور ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ رومن رینز جیت سکتے ہیں۔

مگر اس موقع پر اچانک ٹرپل ایچ تماشائیوں کے درمیان سے نکل کر آئے اور رنگ کے باہر موجود رومن رینز کو اپنا مخصوص داﺅ پیڈیگری لگا کر واپس رنگ میں لے گئے اور سیٹھ رولنز کو روایتی حریف کو باہر کرنے میں مدد دی۔

اس کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ ٹرپل ایچ اپنے منظور نظر ریسلر یعنی سیٹھ رولنز کو چیمپئن بنانے میں مدد دیں گے۔

مگر غیر متوقع طور پر ٹرپل ایچ نے سیٹھ رولنز کے اوپر اپنا مخصوص داﺅ آزمایا اور کیون اوئنز کو جیت کے لیے آگے آنے کا اشارہ دیا۔

اس طرح کیون اوئنز نے سیٹھ رولنز کو چت کرکے پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ چیمپئن شپ اپنے نام کرلی جبکہ دیکھنے والے میچ کے اختتام پر حیرت کا شکار بنے رہ گئے۔

میچ کے اختتام پر ٹرپل ایچ نے کیون اوئنز کا ہاتھ پکڑ کر اٹھایا اور را جنرل منیجر مک فولی اور کمشنر اسٹیفنی میکموہن سے بیلٹ لے کر دی۔

تبصرے (0) بند ہیں