کچن یا واش روم کی صفائی کرنا کسی کو پسند نہیں ہوتا، لیکن صفائی تو کرنی ہی پڑتی ہے اور اب ناروے میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس مقصد کے لیے استعمال ہونے والے اسپرے اور ڈیٹرجنٹ صحت کے لیے بھی تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں۔

برجن یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق صفائی کے لیے استعمال ہونے والے اسپریز اور ڈیٹرجنٹ میں موجود کیمیکلز پھیپھڑوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اس طرح کی مصنوعات پھیپھڑوں کے امراض کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔

اس تحقیق کے دوران 20 سال سے زائد عرصے تک 5 ہزار سے زائد خواتین کا جائزہ لیا گیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ ان مصنوعات کا زیادہ استعمال کرنے والوں کے پھیپھڑوں کے افعال 17 فیصد تک کم ہوجاتے ہیں۔

محققین کے خیال میں اس کی وجہ کیمیکلز مثلاً امونیا وغیرہ ہوسکتے ہیں جو سانس کی گزرگاہ کو متاثر کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو اس طرح کی مصنوعات کے حوالے سے زیادہ جاننے اور شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ جو کیمیکلز یہ اسپرے یا ڈیٹرجنٹ خارج کرتے ہیں وہ سانس کے راستے پھیپھڑوں میں داخل ہوسکتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ صفائی کرنے والی مصنوعات لوگوں کی صحت کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں، لہذا اس سے بچاﺅ کے لیے تدابیر اختیار کی جانی چاہئیں۔

یہ تحقیق یورپین ریسپیریٹری سوسائٹی کی بین الاقوامی کانگریس میں پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں