فرحان اختر کی ہدایت کاری پر اداکاری کو ترجیح

31 اگست 2016
فرحان اختر — فوٹو/ اے ایف پی
فرحان اختر — فوٹو/ اے ایف پی

بولی وڈ میں فلم ڈائریکٹر کی حیثیت سے آغاز کرنے والے گلوکار، ہدایت کار اور اداکار فرحان اختر نے ہدایت کاری پر اداکاری کو ترجیح دے ڈالی۔

بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق 42 سالہ فرحان اختر کا اپنی پہلی فلم ‘راک آن‘ کے حوالے سے کہنا تھا کہ وہ ان کی بہترین فلم تھی جس کی شوٹنگ میں انہیں کافی مزہ آیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اداکاری اور ہدایت کاری ایک دوسرے سے کافی مختلف ہیں، ڈائریکشن زیادہ مشکل ہے جبکہ اداکاری میں جذبات سے کام لینا پڑتا ہے اور مجھے اداکاری میں مزہ آتا ہے'۔

مزید پڑھیں: فرحان اختر اور ادھونا کی شادی ختم

اگر بحیثیت ڈائریکٹر ان کے بولی وڈ سفر کے حوالے سے بات کی جائے تو فرحان اختر نے اپنے کیریئر کا آغاز 1991 کی فلم ’لمحے‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے کیا تھا۔

2001 میں ان کی ہدایات میں بنی پہلی فلم ’دل چاہتا ہے‘ ریلیز ہوئی، جو اس سال کی کامیاب فلم کے طور پر سامنے آئی جسے نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

فرحان اختر نے ریتیش سدھوانی کے ساتھ مل کر پروڈکشن ہاؤس ایکسل انٹرٹینمنٹ بھی کھولا جس کے بینر تلے کئی کامیاب فلمیں پروڈیوس کی گئیں جن میں ’ڈان‘، ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘، ’دل دھڑکنے دو‘ وغیرہ شامل ہیں۔

فرحان اختر نے 2008 میں فلم ’راک آن‘ کے ساتھ اداکاری اور گلوکاری کا آغاز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فرحان 'پاکستانی' اختر تنقید کی زد میں

اس وقت وہ اپنی فلم ‘راک آن‘ کے سیکوئل پر کام کررہے ہیں جس میں ان کے ہمراہ ارجن رامپال، پراچی دیسائی، شردہا کپور اور پورب کوہلی کام کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کے حوالے سے فرحان کا کہنا تھا کہ ’اس فلم کا سیکوئل 8 سال بعد بننے جارہا ہے اور ہم سب کافی پرجوش ہیں‘۔

فلم ’راک آن 2‘ رواں سال 16 نومبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں