ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، وسیم باری

19 ستمبر 2016
پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: اے ایف پی
پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: اے ایف پی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے منیجر وسیم باری نے کھلاڑیوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کا عہدکرتے ہوئے ٹیم میں ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

قومی ٹیم کے ساتھ دبئی روانگی سے قبل ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم باری نے کہا کہ 'بطور ٹیم منیجر میرا کام تینوں طرز کے کھلاڑیوں کو قواعد وضوابط پر سختی سے عمل پیرا ہونے کو یقنی بنانا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کسی کو بھی کرکٹ کی روح کے منافی طرزعمل اپناتے ہوئے کھیل کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی'۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم باری نے انگلینڈ کے دورے کے بعد سابق منیجر انتخاب کی جگہ ٹیم منیجر کا عہدہ سنبھالا ہے۔

68 سالہ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ 'میں نے تینوں طرز کی ٹیموں کے کپتانوں (مصباح الحق، اظہرعلی اور سرفرازاحمد کو اعتماد میں لیا اور ان کی نگرانی میں کھلاڑیوں سے وابستہ اپنی توقعات کا اظہار کیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ڈسپلن کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ پی سی بی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی رعایت نہ برتنے کی پالیسی ہے'۔

وسیم باری نے ماضی میں چیف سلیکٹر کے طور پر کئے گئے کام کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'میں خوش قسمت ہوں کہ کئی کھلاڑیوں کو ذاتی طور پر اس وقت سے جانتا ہوں جب میں چیف سلیکٹر تھا جس کی بدوولت کسی مسئلے کے بغیران کے ساتھ کام کرنے میں مدد ملے گی لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ نئے کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں کوئی مشکل پیش آئے گی'۔

پاکستان ٹیم سرفرازاحمد کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے دبئی روانہ ہوچکی ہے جہاں پہلا میچ 23 ستمبر کو کھیلا جائے گا جو وسیم باری کے لیے بطور منیجر پہلا امتحان ہوگا۔

قومی ٹیم کے منیجر کا کہنا تھا کہ 'میرے لیے ذاتی طور پر بہت اہم مرحلہ اپنے پرانے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے کھلاڑیوں کے درمیان بھائی چارگی کا ماحول پیدا کرنا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم سب کو اس حقیقت کا احساس ہونا چاہیے کہ ہم ٹی ٹوئنٹی کی موجودہ عالمی چمپیئن ٹیم سے کھیلنے جارہے ہیں اور یہ پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے'۔

سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز کا کہنا تھا کہ 'کرکٹ ایک غیریقینی کھیل ہے اور مختصر طرز کرکٹ تو غیرمتوقع ترین گیم ہے'۔

پاکستان ٹیم متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ 3 ون ڈے اور 3 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی۔

یہ خبر 19 ستمبر کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں