معروف کمپنی ایچ ٹی سی کا ایک نیا فلیگ شپ فون آئندہ ماہ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس میں آئی فون 7 سے چرایا گیا ایک نیا فیچر بھی شامل ہے اور وہ ہے ہیڈ فون جیک کا نہ ہونا۔

موبائل کمپنیوں کی لیکس جاری کرنے والے ایون بلاس نے ایچ ٹی سی کے نئے فلیگ شپ فون کی تصویر لیک کی ہے جو کہ ایچ ٹی سی 10 سے ملتا جلتا ہے۔

تاہم اس نئے فون کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں آئی فون 7 کی طرح ہیڈ فون جیک نہیں ہوگا۔

اس فون کا نام ممکنہ طور پر ایچ ٹی سی بولٹ ہوگا اور اس میں ہیڈفون جیک کی بجائے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ ہوگی۔

تاہم یہ پہلا اینڈرائیڈ فون نہیں جس میں ہیڈفون جیک نہیں، اس سے پہلے موٹرولا زی میں بھی اس کو ہٹایا جاچکا ہے۔

اس کے فیچرز کے بارے میں تو کوئی خاص تفصیلات سامنے نہیں آئیں تاہم امکان ہے کہ یہ ایچ ٹی سی 10 جیسے ہی ہوں گے۔

خیال رہے کہ ایچ ٹی سی نے گزشتہ دنوں ہی ایک درمیانی لاگت والا اسمارٹ فون ڈیزائر 10 متعارف کرایا تھا جس کی قیمت 324 ڈالرز رکھی گئی ہے۔

اسی طرح ایچ ٹی سی گوگل کے ساتھ مل کر پکسل اور پکسل ایکس ایل اسمارٹ فونز بھی 4 اکتوبر کو ایک ایونٹ کے دوران پیش کرے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں