سام سنگ کا گلیکسی نوٹ 7 اب 'محفوظ' قرار

22 ستمبر 2016
گللیکسی نوٹ 7 — اے ایف پی فائل فوٹو
گللیکسی نوٹ 7 — اے ایف پی فائل فوٹو

سام سنگ کو گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹریاں پھٹنے کے باعث کافی مشکلات کا سامنا ہوا اور اسے تمام ڈیوائسز کو واپس طلب کرنا پڑا، جس کا فائدہ ایپل کے آئی فون سیون کو ہوا۔

مگر اب جنوبی کورین کمپنی اپنے اس نئے فلیگ شپ فون کو محفوظ بنانے کے بعد دوبارہ فروخت کے لیے پیش کررہی ہے۔

جی ہاں بیٹریاں پھٹنے کے بعد گلیکسی ایس سیون کو دنیا بھر سے واپس طلب کیا گیا تھا مگر اب کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے مسئلے پر قابو پالیا ہے اور ڈیوائس کو محفوظ بناکر دوبارہ فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

سام سنگ کا کہنا ہے کہ اس نے گلیکسی نوٹ سیون کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد دوبارہ فروخت کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب اس میں بیٹری کے مسائل سامنے نہیں آئیں گے۔

اس حوالے سے سام سنگ نے سب سے پہلے امریکا میں 5 لاکھ محفوظ فونز جاری کیے ہیں۔

اس کے بعد یہ برطانیہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں فروخت کے لیے دوبارہ پیش کیا جائے گا۔

بیٹریوں کے پھٹنے کے مسئلے سے قبل ماہرین نے گلیکسی نوٹ 7 کو اب تک کا سب سے بہترین اسمارٹ فون قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سام سنگ نے اب تک کا سب سے متاثر کن اسمارٹ فون تیار کیا ہے۔

اس کی خاص بات اس میں آئی آر آئی ایس اسکینر ہے جو آنکھوں کی مدد سے فون کو ان لاک کرتا ہے۔

5.7 انچ کواڈ ایچ ڈی سپر امولیڈ اسکرین (2560 x 1440) کے ساتھ اس کا ڈسپلے بہترین ہے جو کہ آئی فون سکس ایس پلس کے مقابلے میں زیادہ واضح رنگ اور برائٹنس پیش کرتا ہے۔

اس فون پر ایچ ڈی آر ویڈیوز کو چلایا جاسکتا ہے جبکہ اس کا ایج ڈسپلے دائیں اور بائیں دونوں جانب موجود ہیں۔

اس فون کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں سام سنگ نے پہلی بار ریورس ایبل یو ایس بی سی پورٹ کو شامل کیا ہے جبکہ ایس پین اسٹائلوس میں دبا? کی حد کو زیادہ بہتر کیا گیا ہے۔

سام سنگ کا تو دعویٰ ہے کہ آدھے گھنٹے تک اس فون کو پانی میں ڈال کر رکھا جائے تو کچھ نہیں ہوتا جبکہ اس دوران ایس پین کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

فون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 820 پراسیسر اور 4 جی بی ریم ہے جو اس کی رفتار کو تیز بناتے ہیں، خاص طور پر تھری ڈی گیمز کھیلنے پر بھی اس کی رفتار اور ویڑولز متاثر نہیں ہوتے۔

اس فون کی اسٹوریج 64 جی بی ہے جسے مائیکرو ایس ڈی کی مدد سے 256 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے اور ہاں معتدل استعمال پر بیٹری کو دو روز تک چلایا جاسکتا ہے۔

اس کا بیک کیمرہ 12 میگا پکسلز کا ہے جو ایف 1.7 آپرچر لینس کے ساتھ ہے جبکہ فرنٹ کیمرہ پانچ میگا پکسلز کا ہے اور دونوں گلیکسی ایس سیون جیسے ہی بہترین ہیں، خاص طور پر کم روشنی میں فوٹوز کے حوالے سے یہ اس وقت سب سے بہتر اسمارٹ فون ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں