کانپور ٹیسٹ پر ہندوستان کی گرفت مضبوط

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2016
ہندوستانی ٹیم لیوک رونچی کو آؤٹ کرنے پر رویندرا جدیجا کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ فوٹو اے پی
ہندوستانی ٹیم لیوک رونچی کو آؤٹ کرنے پر رویندرا جدیجا کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ فوٹو اے پی

کانپور: ہندوستان نے اسپنرز اور ابتدائی بلے بازوں کے عمدہ کھیل کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے مجموعی طور پر 215 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔۔

دو دن کے کھیل کے ساڑھے چار سیشنز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ہندوستان پر حاوی نظر آئی لیکن ہندوستانی اسپنرز نے ایک سیشن کے اندر میچ کا نقشہ بدل دیا۔

نیوزی لینڈ نے 152 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگ کا دوبارہ آغاز کیا تو اسکور میں آٹھ رنز کے اضافے سے ٹام لیتھ اور ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز روس ٹیلر پویلین لوٹ گئے۔

اسکور میں دس رنز کے اضافے سے ہندوستان کو بڑی کامیابی اس وقت ملی جب ایشون نے 75 رنز بنانے والے کیوی کپتان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

اس موقع پر لیوک رونچی اور مچل سینٹنر نے 49 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن جدیجا نے رونچی کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔

لیوک رونچی219 رنز پر پویلین لوٹ گئے لیکن سینٹنر نے بی جے واٹلنگ کے ساتھ خسارہ کم کرنے کی جہدوجہد جاری رکھی اور 36 نز کی شراکت قائم کی۔

نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 255 رنز پر اس وقت گری جب سینٹنر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کیویز نے صرف سات رنز کے اضافے سے چار وکٹیں گنوائیں جس کا سہرا جدیجا کے سر جاتا ہے جنہوں نے آخری چار میں سے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 262 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں ہندوستان نے پہلی اننگ میں 56 رنز کی برتری حاصل کی جس کا تمام تر سہرا جدیجا اور ایشون کو جاتا ہے جنہوں نے بالترتیب چار اور پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

ہندوستانی نے دوسری اننگ کا پراعتماد انداز میں آغاز کرتے ہوئے 52 رنز کی شراکت قائم کی، لوکیس راہول 38 رنز بنانے کے بعد سودھی کی وکٹ بنے۔

تاہم اس کے بعد مرلی وجے اور چتیشور پجارا نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسرے دن مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو ہندوستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بناتے ہوئے مجموعی طور پر 215 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں