اسلام آباد: امریکی سینیٹر جان میک کین نے سابق پاکستانی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کو دہشتگردوں کا معاون ملک قرار دینے کے حوالے سے جو بل امریکی سینیٹ میں موجود ہے وہ پاس نہیں ہوگا۔

پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا سینٹر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امریکی سینیٹر جان میک کین نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی جبکہ خاص طور پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان موجودہ کشیدہ تعلقات بھی زیر بحث آئے۔

واضح رہے کہ امریکی سینیٹر ٹیڈ پوئے اور ڈانا روہرابیچر نے امریکی کانگریس میں ایک بل پیش کیا جس میں پاکستان کو دہشت گردوں کی معاونت کرنے والا ملک قرار دینے کا مطالبہ کیا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کو 'دہشت گردی کی کفیل ریاست' قرار دینے کا بل پیش

بل میں پاکستان کو ایک غیر بھروسے مند اتحادی ملک قرار دیا گیا ہے جس نے برسوں تک امریکا کے دشمنوں کی مدد کی۔

یاد رہے کہ آصف علی زرداری کافی عرصے سے ملک سے باہر ہیں اور ان دنوں وہ لندن میں موجود ہیں۔

سینیٹر جان میک کین نے گفتگو کے دوران کہا کہ مذکورہ بل کو پاک امریکا تعلقات میں بگاڑ کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ اس بل کے پیچھے سینیٹ میں ایک چھوٹی سے لابی سرگرم ہے۔

امریکی سینیٹر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا جبکہ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان تو خود شدت پسندی اور دہشت گردی کا شکار ہے جس نے کبھی دہشت گردوں کی معاونت نہیں کی۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور پوری پاکستانی قوم شدت پسندی اور دہشت گردی کی مکمل طور پر مذمت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:پاکستان پر پابندیوں کا فیصلہ نقصان دہ: امریکی ماہرین

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی کے مسئلے کے حل میں پاکستان کا بھی اہم کردار ہے اور خطے کے امن اور استحکام کے لیے یہ بہتر ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے عالمی خطرے کے خلاف اپنا کردار ادا کرتا رہے۔

خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشیوں میں تیزی دنیا کی توجہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم سے ہٹانے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا مذاکرات اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق پر امن چاہتا ہے۔

یہ خبر 25 ستمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں