تہران: ایران میں پہلی بار آن لائن مردم شماری کا آغاز کردیا گیا جبکہ ایرانی سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے شہریوں کو ایک مخصوص ویب سائٹ www.sarshomari95.ir پر جاکر فارم بھرنے ہوں گے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ایران میں ہر پانچ سال بعد مردم شماری کی جاتی ہے جبکہ یہ پہلا موقع ہے جب آبادی کے حوالے سے معلومات اکھٹی کرنے کا کام انٹرنیٹ کے ذریعے کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ ایران میں پہلی مردم شماری 1956 میں ہوئی تھی۔

ایران کے ادارہ برائے شماریات کو توقع ہے کہ ملک کے تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ خاندان اپنی تفصیلات جمع کرانے کے لیے انٹرنیٹ سروس کو استعمال کریں گے۔

انٹرنیٹ پر معلومات اکھٹی کرنے کا مرحلہ پورا ہونے کے بعد اکتوبر میں سروے کرنے والے گھر گھر جاکر ان خاندانوں کی تفصیلات اکھٹی کریں گے جو انٹرنیٹ پر فارم نہیں بھر سکے ہوں گے۔

ورلڈ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 2014 تک ایران کی آبادی تقریباً 7 کروڑ 81 لاکھ نفوس پر مشتمل تھی۔

یہ خبر 25 ستمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


تبصرے (0) بند ہیں