لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا، ون ڈے ٹیم میں اسد شفیق اور عمر اکمل کی واپسی ہوئی جبکہ فاسٹ بولر عمر گل کو ڈراپ کرکے سہیل خان کو موقع دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قومی سلیکشن کمیٹی، ٹیم منیجمنٹ اور کپتان اظہر علی سے مشاورت کے بعد متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کو دوسری شکست، سیریز پاکستان کے نام

ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی ہی کریں گے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نائب کپتان ہوں گے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 30 ستمبر کو شارجہ، دوسرا ون ڈے 2 اکتوبر کو شارجہ اور تیسرا 5 اکتوبر کو ابوظہبی میں ہوگا۔

اعلان کردہ پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

اظہر علی (کپتان)، شرجیل خان، بابر اعظم، اسد شفیق، شعیب ملک، سرفراز احمد، عمر اکمل، محمد نواز، محمد رضوان، عماد وسیم، یاسر شاہ، راحت علی، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی اور سہیل خان۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرچکا ہے جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 27 ستمبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

تین ون ڈے میچز کے بعد ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 13 اکتوبر سے دبئی میں شروع ہوگا۔


تبصرے (1) بند ہیں

IsrarMuhammadKhanYousafzai Sep 26, 2016 02:08am
ٹیم متوازن ھے محمد عامر راحت علی اور وہاب ریاض تینوں بائیں ہاتھ کے باؤلر ھیں اگر ایک باولر دائیں ہاتھ کا لیا جاتا تو بہتر ھوتا ملک میں موجودہ حالات کی وجہ سے نئے کھلاڑی سامنے نہیں آرہے ھیں خصوصاً تیز باولنگ کا شعبہ جو موجودہ باؤلرز ھیں تقریباﹰ ایک جیسے ھیں محمد عرفان محمد عامر جنید حان راحت علی وہاب ریاض عمرگل عمران حان وغیرہ میں صرف 19/20 کا فرق ھے پاکستان کو یاسر شاہ کی مدد کیلئے ایک سپیشلسٹ اف سپنر باؤلر کی شدید ضرورت ھے آمادہ وسیم محمد نواز تقریباﹰ ایک جیسے باؤلرز ھیں شعیب ملک کی باؤلنگ پہلے جیسے نہیں رہی اسکے باوجود ھم سمجھتے ھیں کہ پاکستان اچھا کھیل پیش کرسکتی ھے امارات میں پاکستانی کھلاڑی بہت تجربہ رکھتے ھیں سیریز میں سپن باولنگ چھائی رہیگی پاکستان کو پانچ باؤلرز کے ساتھ کھیلنا چاہئے