کھیلوں کو سیاست سے الگ ہونا چاہیے: مصباح

اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2016
مصباح کا کہنا تھا کہ پاکستان دوطرفہ سیریز کے لیے ہمیشہ تیار ہے—فائل /فوٹو: اے پی
مصباح کا کہنا تھا کہ پاکستان دوطرفہ سیریز کے لیے ہمیشہ تیار ہے—فائل /فوٹو: اے پی

لاہور: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق نے پاک-انڈیا کرکٹ سیریز کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کو سیاست سے الگ ہونا چاہیے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ 'پاکستان ہمیشہ ہندوستان کے ساتھ کھیلنے کو تیار ہے لیکن اگر وہ نہیں کھیلنا چاہتے ہوں تو ہم کیا کرسکتے ہیں'۔

پاکستان اور ہندوستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو طرفہ سیریز کا سلسلہ2008 میں ممبئی حملوں کے بعد منقطع ہوا تھا اس سے قبل 2007 میں پاکستان ٹیم نے شعیب ملک کی قیادت میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا جہاں 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی۔

اس سیریز کے پہلے میچ میں انیل کمبلے کی قیادت میں ہندوستان ٹیم نے پاکستان کو شکست دی تھی تاہم دیگر دومیچ برابری پر ختم ہوئے تھے۔

مصباح الحق نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ 'اگر ہندوستان آئی سی سی کے مقابلوں میں پاکستان کے خلاف کھیل سکتا ہے تو پھر دوطرفہ سیریز کیوں نہیں کھیل سکتا'۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2010 کے بعد مصباح کی قیادت میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ہندوستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آئی سی سی کی ٹیسٹ درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم اس وقت ہندوستان سے ایک پوائنٹس کی بہتری کےساتھ سرفہرست ہے اور حال ہی میں آئی سی سی نے ٹیسٹ چمپیئن شپ میس مصباح الحق کے حوالے کردی ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپیئن میس نمبر ون ٹیسٹ ٹیم پاکستان کے حوالے

پاکستان کے کامیاب ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ کھیلوں بالخصوص کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جو پاکستان اور ہندوستان کے عوام کو قریب لاسکتا ہے۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان گزشتہ سال دسمبر میں دو طرفہ سیریز کی بحالی کی امید پیدا ہوئی تھی جب ہندوستان کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کے سابق سربراہ سری نواسن نے آئی سی سی کی سربراہی حاصل کرنے کے لیے پاکستان سے دوطرفہ سیریز بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ میس کا حصول ملک کیلئے تاریخی لمحہ ہے:وقار

تاہم ہندوستانی حکومت نے اپنی ٹیم کو پاکستان سے سیریز کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کیا جس کے باعث بی سی سی آئی شیڈول کے مطابق ٹیم نہیں بھیج سکا۔

مصباح الحق نے پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی عالمی چمپیئن ویسٹ انڈیز سے سیریز جیتنے پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'انگلینڈ کے خلاف آخری ایک روزہ میچ میں زبردست کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے جبکہ کپتان اور کھلاڑی نہ صرف پراعتماد نظر آتے ہیں بلکہ اپنے منصوبوں پر عمل درآمد بھی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کو دوسری شکست، سیریز پاکستان کے نام

ویسٹ انڈیز ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مصباح نے کہا کہ ' ویسٹ انڈیز ٹیم کمزور نہیں ہے اور ایک روزہ سیریز میں واپسی کرسکتی ہے اور یہاں تک کہ ٹیسٹ میں بھی ہم ذہنی طورپر ان کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں'۔

ورلڈ کپ 2019 تک براہ راست رسائی پاکستان کے لیے ایک مشکل مرحلہ ہے اس لیے مصباح نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ 'اب ہر میچ پاکستان کے لیے بہت اہم ہے اور اب ٹیم ہر میچ میں بہتر کارکردگی پر توجہ مرکوز کرے'۔

ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے مصباح کا کہنا تھا کہ 'ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ ایک چیلنج ہوگا اور ٹیم میچ سے قبل حالات سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کرے گی'۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیمیں رواں سیریز میں ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلیں گی، ٹیسٹ سیریز اگلے ماہ ایک روزہ سیریز کے اختتام پر شروع ہوگی۔

پاکستان نے ابتدائی دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں