نوشہرہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون کونسلر زینب خٹک کو نوشہرہ کے علاقے خوارائی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نامعلوم مسلح افراد پی ٹی آئی کی خاتون کونسلر زینب خٹک کے گھر میں داخل ہوئے اور ان پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔

مقتولہ کو پوسٹ مارٹم کے لیے نوشہرہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

اکوڑہ خٹک کے اسٹیشن آفیسر (ایس ایچ او) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے خاتون کونسلر کو نشانہ بنانے کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سےتفتیش شروع کردی ہے۔

خاتون کونسلر کے بھائی نے اکوڑہ خٹک پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کردی ہے، انھوں نے پولیس کو بتایا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔

واضح رہے زینب عباس بلامقابلہ منتخب ہوئی تھیں اور علاقے میں پولیو ورکر کے طور پربدستور کام کررہی تھیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری طورپر رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں