'سلمان کی فلم میں فواد کو اب تک کاسٹ نہیں کیا‘

26 ستمبر 2016
پاکستانی اداکار فواد خان — فائل فوٹو
پاکستانی اداکار فواد خان — فائل فوٹو

بولی وڈ ہدایت کار نیتن ککڑ نے سلمان خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم میں پاکستانی اداکار فواد خان کو کاسٹ کیے جانے کی خبروں کی تردید کردی۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ہدایت کار نیتین کا کہنا تھا ’میں نے اب تک فواد خان کو فلم کے لیے سائن نہیں کیا، مجھے اس بارے میں خبروں کے ذریعے پتہ چلا اور مجھے اس بات پر حیرانی ہوئی، میں ایک فلم پر کام کرنے جارہا ہوں جس کی پروڈکشن سلمان خان دیں گے، فی الحال کچھ بھی طے نہیں ہوا ہے اور ہم کئی اداکاروں سے رابطے میں ہیں‘۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فنکاروں کو ہندوستان چھوڑنے کا الٹی میٹم

اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ سلمان خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’جگل بندی‘ میں فواد خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے جس میں ان کے ہمراہ انیل کپور بھی موجود ہوں گے۔

ہندوستانی ہدایت کار کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہندوستان کی ریاست مہاراشٹرا کی قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) نے پاکستانی فنکاروں کو ہندوستان چھوڑنے کی دھمکی دی تھی۔

جب نیتن سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں ایک فنکار کا تعلق کسی مذہب یا ملک سے نہیں ہوتا، فنکار امن پسند ہوتے ہیں، چاہے کرکٹ ہو، فلمیں یا موسیقی ان سب کے ذریعے صرف امن ہی پھیلایا جاتا ہے، اگر ان پر پابندی عائد کردی گئی تو امن کی آخری امید بھی ختم ہوجائے گی، جو کچھ باقی ہے وہ فنکاروں کی وجہ سے ہی ہے، اگر سب کچھ سیاست دانوں کے پاتھوں میں چھوڑ دیا گیا ہوتا تو اب تک سب تباہ ہوجاتا‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی اداکار کاسٹ کرنے پر شاہ رخ اور کرن جوہر کو دھمکی

واضح رہے کہ ایم این ایس جماعت نے بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور ہدایت کار کرن جوہر کو بھی اپنی فلموں میں پاکستانی فنکاروں کو کاسٹ کرنے پر دھمکیاں دینا شروع کردی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں