ایشون کی دس وکٹیں، ہندوستان کی 500ویں ٹیسٹ میں فتح

26 ستمبر 2016
نیوزی لینڈ کی آخری وکٹ حاصل کرنے پر ہندوستانی کھلاڑی فتح کا جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
نیوزی لینڈ کی آخری وکٹ حاصل کرنے پر ہندوستانی کھلاڑی فتح کا جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

کانپور: ہندوستان نے اسپنرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 197 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

یہ ٹیسٹ ہندوستان کا ٹیسٹ کرکٹ میں 500واں میچ تھا۔

سیریز کے آغاز سے قبل ہی توقع ظاہر کی جا رہی تھی کہ نیوزی لینڈ کیلئے اصل امتحان ہندوستانی اسپنرز کی اسپن باؤلنگ کا سامنا ہو گا اور پہلے ٹیسٹ میچ نے اس بات کو بالکل درست ثابت کردیا۔

434 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 56 رنز پر چار وکٹیں گنوانے والی نیوزی لینڈر ٹیم نے میچ کے آخری دن اپنی نامکمل اننگ شروعکی تو اس کی شکست صاف نظر آرہی تھی۔

لیوک رونچی اور مچل سینٹنر نے کچھ مزاحمت کرتے ہوئے 102 رنز کی شراکت قائم کی لیکن ان کی یہ کوشش ناکافی رہی اور رویندرا جدیجا نے اننگ میں اپنی واحد اور سب سے قیمتی وکٹ لے کر ہندوستان کو دن کی پہلی کامیابی دلائی، رونچی نے 80 رنز بنائے۔

دوسرے اینڈر پر موجود سینٹنر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیل اینڈرز کے ساتھ چھوٹی چھوٹی شراکتیں قائم کیں لیکن ان کی یہ کاوش شکست کو کچھ دیر ٹالنے کے سوال کچھ نہ کر سکی، وہ 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگ میں 236 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ہندوستان نے پہلے میچ میں 197 رنز کی فتح اپنے نام کر کے سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کر لی۔

ہندوستان کی اس فتح کا سہرا اسپنر روی چندرہ ایشون کے سر جاتا ہے جنہوں نے دوسری اننگ میں چھ وکٹوں سمیت مجموعی طور پر دس وکٹیں حاصل کیں جبکہ جدیجا نے بھی میچ میں چھ وکٹیں اپنے نام کیں۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 30 ستمبر سے کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں