ایشون 200وکٹیں لینے والے دوسرے تیز ترین باؤلر

26 ستمبر 2016
روی چندرہ ایشون نے کانپور ٹیسٹ میں دس وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو اے ایف پی
روی چندرہ ایشون نے کانپور ٹیسٹ میں دس وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو اے ایف پی

کانپور: مایہ ناز ہندوستانی اسپنر روی چندرہ ایشون 37ویں میچ میں 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے تیز ترین باؤلر بن گئے ہیں۔

تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز آسٹریلیا کے کلیری گریمیٹ کے پاس ہے جنہوں نے محض 36 ٹیسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا اور آج 80 سال گزرنے کے باوجود ان کا ریکارڈ قائم ہے۔

اس سے قبل وقار یونس اور ڈینس للی 38 میچوں میں یہ اعزاز حاصل کر کے دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود تھے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف کانپور ٹیسٹ میں دس وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی 197 رنز کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے ایشون کیلئے اس اعزاز کا حصول اس لحاظ سے بھی یادگار رہا کہ انہوں نے کیوی قائد کین ولیمسن کو آؤٹ کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔

چنئی سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ اسپنر نے 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈیبیو کیا اور اس وقت آئی سی سی کی ٹیسٹ باؤلرز کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ایشون ہندوستان کی جانب سے سب سے کم میچوں میں یہ کارنامہ انجام دینے والے باؤلر کے ساتھ ساتھ تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے آف اسپنر بھی بن گئے ہیں۔

اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے متیاہ مرلی دھرن کے پاس تھا جنہوں نے 42 ٹیسٹ میچوں میں 200وکٹیں مکمل کی تھیں جبکہ اس فہرست میں لانس گبز، ثقلین مشتاق اور ہربھجن سنگھ جیسے نام بھی موجود ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں