سوشل میڈیا پر تنقید اور ماہرہ کا کرارا جواب

26 ستمبر 2016
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان — فوٹو/ پبلسٹی
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان — فوٹو/ پبلسٹی

حال ہی میں کئی پاکستانی اداکاروں کو ہندوستان کی قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) نے ہندوستان چھوڑنے کی دھمکی دی تھی جن میں فواد خان اور ماہرہ خان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان کی پہلی بولی وڈ فلم ’رئیس‘ اگلے سال جنوری میں ریلیز ہونے والی ہے اور ایم این ایس جماعت نے ماہرہ کی فلم کو ہندوستان میں ریلیز نہ ہونے کی دھمکی دی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فنکاروں کو ہندوستان چھوڑنے کا الٹی میٹم

ان سب کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ماہرہ خان کے حوالے سے تنقید کی تاہم اداکارہ نے ان کو کرارا جواب دے کر خاموش کروا دیا۔

ماہرہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک صارف نے ان کی بیٹے اذلان کے ساتھ شیئر کی گئی ایک تصویر پر تبصرہ کیا جس پر اداکارہ ناراض ہوگئیں۔

صارف کا کہنا تھا کہ ’ماہرہ آپ کو انڈیا سے ابھی تک ڈنڈے نہیں پڑے؟‘

اس کے جواب میں ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’آپ کو اپنی امی سے پڑے ہوتے تو اس قسم کی بکواس نہیں کرتے‘۔

یہ بھی پڑھیں: 'رئیس' کا کردار ماہرہ کو کیسے ملا؟

اگر بات ماہرہ کی بولی وڈ فلم کے حوالے سے کی جائے تو فلم ’رئیس‘ میں ماہرہ خان کے ہمراہ شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

’رئیس‘ میں شاہ رخ خان ایک گجراتی گینگسٹر کا کردار کررہے ہیں جبکہ ماہرہ خان ان کی بیوی کا کردار کریں گی۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے قصبے اوڑی میں قائم ہندوستانی فوجی مرکز پر مسلح افراد کے نتیجے میں 18 فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

اس واقعے کے فوری بعد ہندوستان نے حملے کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالتے ہوئے ہرزہ سرائی شروع کردی تھی جس کے بعد اب انتہا پسند جماعتیں پاکستانی فنکاروں کو بھی دھمکیاں دے رہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں