ہندوستان، پاکستان میں چھپ کر وار کرسکتا ہے: نثار

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2016
چوہدری نثار علی خان میڈیا سے بات کرتے ہوئے — فوٹو: ڈان نیوز
چوہدری نثار علی خان میڈیا سے بات کرتے ہوئے — فوٹو: ڈان نیوز

چکری: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ہندوستان، پاکستان میں چھپ کر کارروائی کرسکتا ہے اور فوجی کارروائی کی بجائے کسی اور طریقے سے بھی وار کرسکتا ہے۔

چکری میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ آج اندرونی سیاست کا نہیں بلکہ بیرونی دشمن کے خلاف متحد ہونے کا وقت ہے، دشمن کا راستہ روکنے کے لیے ملک کے اندر اور باہر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، موجودہ صورتحال میں اتحاد اور اتفاق کا اظہار صرف بیانات سے نہیں بلکہ عملی ہونا چاہیے اور دشمن ملک کو یہ پیغام ملنا چاہیے کہ قوم کسی بھی مہم جوئی سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان سامنے آکر پاکستان کے مقابلے پر بھلے تیار نہ ہو لیکن چھپ کر کارروائی کرسکتا ہے اور فوجی کارروائی کی بجائے کسی اور طریقے سے بھی وار کرسکتا ہے، ہمیں اپنے گلی کوچوں میں بھی دہشت گردی روکنے کے لیے چوکنا رہنا ہوگا، جبکہ اگر کسی نے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم مقابلہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اُڑی حملہ:تحقیقات کیے بغیر پاکستان پر الزام لگایا گیا،وزیر داخلہ

وزیر داخلہ نے اقوام متحدہ سے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے پاکستان اور اس کی قیادت کے خلاف حالیہ بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے جس طرح کی زبان استعمال کی، انہوں نے آج تک کسی ملک کے سربراہ کو اس طرح کی زبان استعمال کرتے نہیں دیکھا، تاہم پاکستان ہندوستان کی ان دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل ہندوستانی ریاست کیرالا میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران نریندر مودی نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک طرف ہندوستان سوفٹ ویئر برآمد کر رہا ہے، تو دوسری جانب پاکستان دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔‘

انہوں نے کہا تھا کہ ’اُڑی میں دہشت گردوں نے 18 ہندوستانی فوجیوں کو ہلاک کیا لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان اس حملے کو کبھی نہیں بھولے گا، حملے کے بعد پورے ملک میں غصے کی لہر پائی جاتی ہے جبکہ یہ حملہ تب ہوا جب ہمارے پڑوسی ملک نے کشمیر میں دہشت گردی کو فروغ دیا، لیکن ایک دن آئے گا جب پاکستانی عوام خود دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے اپنی ہی حکومت کے خلاف ہوجائیں گے۔‘

مزید پڑھیں: پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے میں کامیاب ہوگئے،نریندر مودی

پاکستان پر پانی کی بندش سے متعلق چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پانی بند کرنا ہندوستان کے لیے آسان نہیں، دنیا کے بھی کچھ قانون اور ضابطے ہیں اور ضروری نہیں کہ ہندوستان جیسا چاہے ویسا ہی ہو۔

مختلف حلقوں میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے چوہدری نثار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو انتخابی مہم میں حصہ نہیں لینے دیا گیا، ہماری پارٹی کو ہاتھ پاؤں باندھ کر الیکشن لڑنا پڑتا ہے، جبکہ مخالفین کسی بھی پارٹی سے ہوں الیکشن مہم میں بھرپور حصہ لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ضمنی و بلدیاتی الیکشن پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں شفاف طریقے سے ہورہے ہیں، پچھلے 2 ضمنی الیکشن میں ہمارے مخالفین کو کھلی چھوٹ دی گئی، حالانکہ الیکشن کے حوالے سے قانون پر عملدرآمد کی پابندی سب پر ہونی چاہیے۔

وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ کل شام تک پاکستان پہنچیں گے۔

یاد رہے کہ 3 روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ ہندوستان کا معاملہ ’مدعی سست اور گواہ چست والا‘ معاملہ ہے، اڑی حملے کے حوالے سے ہندوستان نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام لگایا، ہندوستان خود طے نہیں کرسکا کہ حملہ کہاں اور کیسے ہوا؟ اور جب ہندوستان کے پاس کوئی ثبوت ہی نہیں تو کارروائی کس کے خلاف کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد ہندوستانی حکومت اور میڈیا نے بغیر تحقیقات کیے پاکستان پر الزام لگایا، بعد ازاں ہندوستانی میڈیا کے کیے گئے تمام دعوے غلط نکلے اور جھوٹ کا پول کھلنے پر ہندوستانی حکومت نے اپنے میڈیا پر سینسر شپ لگادی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں