سامعہ شاہد قتل کیس کی سماعت کا آغاز

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2016
سامعہ شاہد کے والد محمد شاہد(دائیں) اور سابق شوہر چوہدری شکیل (بائیں) پولیس کی حراست میں—۔فائل فوٹو/ اے پی
سامعہ شاہد کے والد محمد شاہد(دائیں) اور سابق شوہر چوہدری شکیل (بائیں) پولیس کی حراست میں—۔فائل فوٹو/ اے پی

اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے ضلع جہلم کی مقامی عدالت میں پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سامعہ شاہد کے قتل کے الزام میں ان کے والد اور سابق شوہر کے خلاف مقدمے کی سماعت کا آغاز ہوگیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق وکیل دفاع محمد عارف نے بتایا کہ منگل 27 ستمبر سے سامعہ شاہد کے قتل کے الزام میں ان کے والد چوہدری شاہد اور سابق شوہر چوہدری شکیل کے خلاف کیس کی سماعت کا آغاز ہوگیا ہے۔

وکیل دفاع کے مطابق سامعہ شاہد کو نام نہاد غیرت کے نام پر مبینہ طور پر ریپ کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:برطانوی خاتون کو پاکستان میں 'غیرت' کے نام پر قتل کرنے کا دعوٰی

انھوں نے کہا کہ عدالت میں دونوں ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کی گئی اور ان پر فرد جرم عائد ہونے کے حوالے سے فیصلہ 7 اکتوبر کو کیا جائے گا۔

اس سے قبل گذشتہ ہفتے کیس کی سماعت سے قبل سامعہ کے والد محمد شاہد نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں تمام الزامات سے انکار کردیا تھا۔

وکیل دفاع محمد عارف نے اے پی کو بتایا، 'ہم کیس لڑیں گے'، ساتھ ہی انھوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ ملزمان صحت جرم سے انکار کردیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سامعہ قتل کیس: والد کی درخواست ضمانت مسترد

یاد رہے کہ سامعہ شاہد کے اہلخانہ نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ رواں برس جولائی میں پاکستان کے دورے کے موقع پر ان کی موت طبعی طور پر واقع ہوئی، تاہم ان کے دوسرے شوہر سید مختار کاظم نے پولیس میں قتل کی ایف آئی آر درج کروائی۔

پولیس کی تفتیش کے بعد یہ بات ثابت ہوئی کہ سامعہ کے سابق شوہر چوہدری شکیل نے ان کا ریپ کیا، جس کے بعد انھوں نے خاتون کے والد کے ساتھ مل کر ان کا گلا گھونٹ کر انھیں قتل کردیا۔

تفتیش میں سامعہ کی والدہ امتیاز بی بی اور بہن مدیحہ شاہد کو بھی کیس میں نامزد کیا گیا، یہ دونوں خواتین اس وقت برطانیہ میں موجود ہیں، جنھیں پاکستان کے حوالے کیا جائے گا اور ان پر اکسانے کے حوالے سے مقدمہ چلایا جائے گا۔

بریڈ فورڈ سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ بیوٹی تھراپسٹ سامعہ کی پہلی شادی ان کے کزن چوہدری شکیل سے ہوئی تھی تاہم دونوں کے درمیان مئی 2014 میں طلاق ہوگئی تھی۔

بعدازاں خاتون نے ٹیکسلا سے تعلق رکھنے والے سید مختار کاظم سے ستمبر 2014 میں شادی کی اور دونوں نے دبئی میں رہائش اختیار کرلی، تاہم سامعہ کے اہلخانہ نے ان کی دوسری شادی کو قبول نہیں کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں