ہندوستانی ریاست اترپردیشن کے شہر مرادآباد میں کانگریس کی ایک ریلی کے شرکاء نے جوش میں آ کر 'پاکستان زندہ باد' کے نعرے لگا دیئے۔

انڈین میڈیا کے مطابق کانگریس نے اوڑی حملے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے حق میں مراد آباد میں ایک ریلی نکالی جس میں موجود شرکاء نے 'کانگریس زندہ باد' کے ساتھ ساتھ 'پاکستان زندہ باد' کے نعرے بھی لگا دیئے۔

اگرچہ ریلی کے منتظمین اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ ایسا کوئی نعرہ نہیں لگا تاہم اس حوالے انٹرنیٹ پر موجود ویڈیو میں بھی سنا جا سکتا ہے کہ ریلی کے شرکاء 'پاکستان زندہ باد' کے نعرے لگا رہے ہیں۔

اس ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد انڈین میڈیا کی جانب سے کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ہندوستانی پولیس نے مراد آباد سے تعلق رکھنے والے کانگریس پارٹی کے ضلعی اور شہری صدور سمیت متعدد پارٹی کارکنوں کے خلاف ریلی کے دوران 'پاکستان زندہ باد' کے نعرے لگانے پر غداری کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے یہ مقدمہ ریلی کی ویڈیو فوٹیج پر درج کیا ہے جبکہ کانگریس کے رہنماﺅں نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

کانگریس رہنماﺅں کے مطابق ان کے پاس بھی اس ریلی کی ویڈیو ریکارڈنگ موجود ہے اور انہوں نے پولیس پر جعلی ویڈیو بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

اب تک اس مقدمے پر کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ ہفتہ کی صبح مراد آباد میں کانگریس کے ضلعی اور شہری صدور ارون پرتاب سنگھ اور یاسین قریشی کی سربراہی میں اڑی حملے کے خلاف ایک ریلی نکالی گئی تھی۔

مراد آباد پولیس کے مطابق یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ریلی کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے تھے جبکہ اس مارچ کی ویڈیو بھی مقامی افراد اور صحافیوں نے فراہم کی جس میں ان نعروں کو سنا جاسکتا ہے جس کے بعد آئی پی سی سیکشن 124-A (غداری) کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

یہ مقدمہ میں ارون سنگھ اور یاسین قریشی سمیت 200 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے اور اس کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Hanif Sep 27, 2016 09:45pm
People are in back just blindly saying "Zindabad" without concentrating on the voice/word.