'عامر کی موجودہ کارکردگی کا 2010 سے موازنہ زیادتی ہے'

27 ستمبر 2016
محمد عامر نیٹ کے دوران خوشگوار موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔ فائل فوٹو رائٹرز
محمد عامر نیٹ کے دوران خوشگوار موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔ فائل فوٹو رائٹرز

حالیہ دنوں میں محمد عامر کی اوسط درجے کی کارکردگی کے باوجود سابق ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر مائیکل ہولڈنگ نے عامر کے روشن مستقبل کی نوید سنائی ہے۔

سابق وسیٹ انڈین فاسٹ باؤلر نے کہا کہ محمد عامر تیزی سے سیکھتا ہے اور جو کچھ وہ کرتا ہے اس پر اسے مکمل عبور حاصل ہے اور جو کچھ تبدیلیاں اسے کرنی ہوتی ہے وہ باآسانی کر لیتا ہے لہذٰا کوئی وجہ نہیں کہ وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید بہتر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ عامر کے چند قیمتی سال ضائع ہوئے لیکن وہ اب بھی نوجوان ہے اور آگے بھی کئی سال تک کرکٹ کھیل سکتا ہے اور جیسا کہ ہم نے دیکھا کہ وہ مستقل محنت کے ساتھ گیند بازی کرتا رہا۔

تاہم مائیکل ہولڈنگ نے کہا کہ عامر کی موجودہ فارم کا 2010 کے دورہ انگلینڈ کے ساتھ موازنہ زیادتی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر فیلڈرز ان کی گیند پر کیچز لے لیتے تو ہمیں محمد عامر زیادہ بہتر نظر آتا کیونکہ بحیثیت باؤلر اس وقت باؤلنگ کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے کہ جب مکمل جان لگا کر بالکل کریں اور فیلڈرز کیچ گرا کر آپ کی تمام تر محنت ضائع کر دیں۔

'لیکن اس کے باوجود اس نے ہمت نہ ہاری اور مستقل سخت محنت کرتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرتا رہا'۔

سابق عظیم ویسٹ باؤلر نے عامر کی عالمی کرکٹ میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ پہلی مرتبہ میدان میں اترے تو لوگ ہچکچاہٹ کا شکار تھے کہ انہیں داد دیں یا نہیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ لوگوں نے ان کے ٹیلنٹ کا ادراک کیا اور میرے خیال میں جو کچھ انہوں نے کیا اس کیلئے انہیں معاف کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں