گوگل اب باضابطہ طور پر جوان ہوگیا ہے اور اس کی 18 ویں سالگرہ منگل کو ایک اینیمیٹڈ ڈوڈل کے ساتھ منائی جارہی ہے جو کہ ہوسکتا ہے آپ نے سرچ کے دوران دیکھا بھی ہو۔

اس کمپنی کو سرگئی برن اور لیری پیج نے 1998 میں قائم کیا تھا اور گوگل ہوم پیچ پر روایتی طور پر اس کی سالگرہ 27 ستمبر کو منائی جاتی ہے۔

مگر مسئلہ یہ ہے کہ گوگل پہلے ہی 6 بار 18 ویں سالگرہ منا چکا ہے۔

درحقیقت ایسا لگتا ہے کہ گوگل کو خود معلوم نہیں کہ اس نے کب کام کرنا شروع کیا تھا۔

ویسے تو 2006 سے یہ سرچ انجن 27 ستمبر کو اپنی سالگرہ منا رہا ہے مگر اس سے پہلے 26 ستمبر کو بھی یہ دن منا چکا ہے۔

2004 میں یعنی اپنی چھٹی سالگرہ کا ڈوڈل گوگل پر 7 ستمبر کو نظر آیا تھا جبکہ 2003 میں ایسا 8 ستمبر کو ہوا۔

جبکہ 4 ستمبر کو بھی ایک دفعہ سالگرہ منائی جاچکی ہے اور گوگل کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے یہ تاریخ کچھ زیادہ یقینی لگتی ہے۔

گوگل کا خیال 1996 میں اسٹینفورڈ یونریوسٹی کے ایک ریسرچ پراجیکٹ کے دوران اس وقت سامنے آیا تھا جب لیری پیج اور سرگئی برن نے سرچ انجن کا خیال پیش کیا جو دیگر ویب پیجز کی درجہ بندی کرے۔

گوگل نے 2013 میں اپنی سالگرہ کے حوالے سے الجھن کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کئی مختلف تاریخوں پر سالگرہ منا چکا ہے مگر اب وہ 27 ستمبر پر ٹکا ہوا ہے۔

کمپنی نے یہ تاریخ ممکنہ طور پر اس لیے منتخب کی ہے کیونکہ پہلا برتھ ڈے ڈوڈل 2002 میں اسی تاریخ کو استعمال کیا گیا تھا۔

اس سے بھی دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ گوگل ڈوڈل بذات خود گوگل سے زیادہ پرانا ہے کیونکہ پہلا ڈوڈل ویب سائٹ کی تیکنیکی تشکیل سے پہلے یعنی 30 اگست 1998 کو تیار کیا گیا تھا۔

اٹھارہ سال پہلے اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں تشکیل دیئے جانے والا یہ سرچ انجن اس وقت دنیا کی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ویب سائٹ ہے جبکہ یہ کمپنی ایپل کے بعد 541 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسری بڑی کمپنی ہے۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں