ہندوستان کرکٹ ٹیم نے روی چندرن ایشون اور رویندراجدیجا کی شاندار باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی کے بعد آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر نظریں جمالی ہیں۔

ہندوستانی ٹیم نے اپنے 500 ویں ٹیسٹ کا جشن نیوزی لینڈ کے خلاف 197 رنز سے کامیابی کے ساتھ منفرد انداز میں منایا اور سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کی ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلےمیچ میں کامیابی کے بعد ہندوستان ٹیم کو پاکستان سے پہلی پوزیشن چھیننے کے لیے محض ایک جیت درکار ہے۔

پاکستان ٹیم اس وقت 111 پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کی سرفہرست ٹیم ہے جبکہ ایک پوائنٹ کے فرق سے ہندوستان دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایشون کی دس وکٹیں، ہندوستان کی 500ویں ٹیسٹ میں فتح

واضح رہے گزشتہ ماہ ہندوستانی ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں بارش کے باعث جیت حاصل کرنے میں ناکامی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان نے درجہ بندی میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی تھی اور آئی سی سی ٹیسٹ چمپیئن شپ میس بھی حاصل کی تھی۔

پاکستان ٹیم اگلے ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلے گی اور اگر ہندوستانی ٹیم پہلی پوزیشن حاصل کرلیتی ہے تو مصباح کی قیادت میں قومی ٹیم کواپنی پوزیشن کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ویسٹ انڈیز سے0-3 سے کامیابی حاصل کرنا ہوگا۔

دوسری جانب اگر ہندوستان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 0-3 سے شکست دی تو پھر پاکستان ٹیم کو دوسری پوزیشن پر ہی اکتفا کرنا پڑے گا۔

یونس خان کی پانچویں پوزیشن برقرار

ٹیسٹ کرکٹ میں آئی سی سی کی بیٹنگ درجہ بندی میں پاکستان کے تجربہ کار بلےباز یونس خان نے اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ کپتان مصباح الحق ایک درجہ ترقی پا کر11 ویں سے 10 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ہندوستانی اسپنر ایشون نے کیوی ٹیم کے خلاف شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باؤلنگ میں دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی ہے اور 878 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پرموجود جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین سے 7 پوائنٹس پیچھے ہیں۔

نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے ہندوستان کے خلاف میچ کی پہلی اننگز میں 75 اور دوسری میں 25 رنز بنا کر 879 پوائنٹس حاصل کیے اور انگلینڈ کے جوروٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن میں پہنچ گئے ہیں۔

آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ آئی سی سی کی بیٹنگ درجہ بندی میں 906 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں