'اندازہ نہیں تھا کہ 0-3 سے سیریز جیتیں گے'

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2016
سرفراز احمد کا ماننا ہے کہ یہ فتح ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی تیاری میں لمبے عرصے تک کارآمد ثابت ہو گی۔ فوٹو اے ایف پی
سرفراز احمد کا ماننا ہے کہ یہ فتح ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی تیاری میں لمبے عرصے تک کارآمد ثابت ہو گی۔ فوٹو اے ایف پی

ابوظہبی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ایک روزہ میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے آٹھ وکٹ سے کامیابی سمیٹ کر 3-0 سے سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

کارلوس بریتھ ویٹ الیون کو پہلے میچ میں نو وکٹ اور دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 16 رنز سے شکست دینے کے بعد قومی ٹیم نے سرفراز کی زیر قیادت ایک اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وائٹ واش مکمل کیا۔

ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ ہم 3-0 سے جیتیں گے لیکن تمام تر سہرا لڑکوں کے سر جاتا ہے جنہوں نے ہر چیز میں ویسٹ انڈیز سے بہتر کھیل پیش کیا اور اسی لیے ہم سیریز جیتنے میں کامیاب رہے۔

وکٹ کیپر بلے باز کا ماننا ہے کہ عالمی چیمپیئن کے خلاف کلین سوئپ فتح دراصل مستقبل کیلئے بہترین ٹیم کی تیاری کا پہلا قدم ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال ہندوستان میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے راؤنڈ میں باہر ہونے کے بعد کپتان شاہد آفریدی نے استعفیٰ دے دیا تھا اور قومی ٹیم بحران کی شکار نظر آتی تھی تاہم سرفراز عمدہ انداز میں قیادت کرتے ہوئے لگاتار چار میچوں میں کامیابی حاصل کی اور ان کا ماننا ہے کہ یہ فتح ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی تیاری میں لمبے عرصے تک کارآمد ثابت ہو گی۔

29 سالہ کرکٹر نے کہا کہ یقیناً یہ نئی ٹیم کی تیاری کیلئے پہلا قدم ہے، اگر ہم ایک اچھی ٹیم بننا چاہتے ہیں تو پھر ہمیں مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانا ہو گی۔

سیریز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ جونیئر اور سینئر کھلاڑی کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جو ٹیم کیلئے اچھی بات ہے۔

تیسرے میچ میں تین وکٹوں لینے پر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے عماد وسیم کو تین میچوں میں نو وکٹوں کے حصول پر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فاتح چیمپیئن کپتان ڈیرن سیمی کو فتح گر تقریر میں بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنانے پر قیادت سے ہٹا دیا گیا جبکہ باؤلنگ کوچ کرٹلی ایمبروز اور پھر ہیڈ کوچ فل سمنز بھی اپنے عہدوں سے محروم ہو گئے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف ورلڈ ٹی ٹوئنٹی فائنل میں چار چھکے لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے والے بریتھ ویٹ کو ٹیم کی باگ ڈور سونپی گئی تو ہندوستان کے خلاف ریکارڈ اسکور بنا کر بھی ٹیم بمشکل جیتنے میں کامیاب رہی لیکن پاکستانی ٹیم نے اسٹارز سے محروم ویسٹ انڈین ٹیم کی خامیوں کا پردہ چاک کردیا۔

پاکستان ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو کھیلا جائے گا جبکہ 13 اکتوبر سے ڈے اینڈ نائٹ میچ سے ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں