سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے مبینہ طور پر کشمیر میں ہندوستانی مظالم پوسٹ کرنے پر جماعت اسلامی پاکستان کا فیس بک پیج بلاک کردیا ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے سوشل میڈیا انچارج شمس الدین امجد نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے فیس بک پیج بلاک ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ ’فیس بک نے پیج بلاک کرنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ پیج کے 30 ایڈمن میں سے چند کی آئی ڈیز کو 3 یا 7 روز جبکہ بعض کو ایک ماہ کے لیے بلاک کیا ہے۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’تین روز قبل جماعت اسلامی خیبر پختونخوا اور گزشتہ روز جماعت اسلامی خواتین کا پیج بھی بلاک کردیا گیا تھا۔‘

جماعت اسلامی کراچی کے پیج پر دعویٰ کیا گیا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے آفیشل پیج پر لائیکس کی تعداد 30 لاکھ سے زائد تھی، جو کسی بھی سیاسی جماعت کے فیس بک لائیکس کے اعتبار سے دوسری سب سے زیادہ تعداد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برہان وانی کی تصویر: حمزہ علی عباسی کا فیس بک پوسٹ ڈیلیٹ

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری اطلاعات امیر العظیم نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین اور خیبر پختونخوا کے فیس بک پیجز کو بغیر کسی وجہ کے فیس بک انتظامیہ کی طرف سے بلاک کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیجز پر پابندی آزادی اظہار رائے کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیس بک ہندوستانی لابی کے زیراثر ہے، جس کی بنا پر اس نے جماعت اسلامی کے پیجز پر پابندی لگائی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر فیس بک انتظامیہ نے ان پیجز کو جلد از جلد بحال نہ کیا تو قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جولائی میں پاکستان کے نامور اداکار حمزہ علی عباسی نے کشمیری حریت پسند رہنماء برہان مظفر وانی کی تصویر کے ساتھ اپنے فیس بک اکاﺅنٹ پر اظہار خیال کیا تھا۔

جس کے بعد فیس بک نے حمزہ علی عباسی کی پوسٹ کو ڈیلیٹ اور اداکار کے بقول ان کے اکاﺅنٹ کو کچھ وقت کے لیے معطل کردیا گیا۔

فیس بک نے اس سے قبل پیرس میں چارلی ہیبدو حملے کے بعد بھی حمزہ علی عباسی کی پوسٹ کو ہٹایا تھا۔

جس کا نوٹس فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے بھی لیا اور پھر اسے 'حادثاتی غلطی' قرار دیتے ہوئے معذرت بھی کی۔

تبصرے (4) بند ہیں

yusuf Sep 28, 2016 09:14pm
all of us should select picture of Burhan Wani as our dp...........how many of accounts would they block????
Hammad Sep 28, 2016 09:35pm
میرے خیال میں جماعت اسلامی سوشل میڈیا کی ٹیم کی ارکان غلط بیانی کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی کو آج تک کسی الیکشن میں ایک/ دو لاکھ ورٹ بھی نہیں ملے ۔ تیس لاکھ لائیکس کہاں سے مل گے۔ جماعت اسلامی کی کوشش اپنی کارکردگی بہتر کرنے کے بجائے ہمیشہ میڈیا میں ان رہنے کی ہیں۔ فیس بک پر انہوں نے خود ہی کچھ کیا ہوگا۔ یا ان کے سر پرستوں‘‘ نے کچھ کام کیا ہوگا’’
محمد عثمان خان Sep 28, 2016 10:50pm
فیس بک والوں کو کیا پڑی اس موضوع میں دخل اندازی کرنے کی۔ چونکہ ہم لوگ پرائیویسی پالیسی کا خیال نہیں کرتے، اس لیے شاید جماعت اسلامی نے کوئی اصول توڑا وہ گا۔ مگر برہان وانی والا معاملہ یا کشمیر ایشو پر بات کرنے سے کوئی پیج بلاک نہیں کیا جاتا۔ سچ جاننے کے لیے، فیس بک کے خلا ف جماعت اسلامی ایک پیج بنائے یا پٹیشن دائر کرے۔
Hasan Sep 29, 2016 12:02am
@Hammad .. itne hi hein .. agar page khul gya tou dikh jaen ge