بنگلہ دیش کو افغانستان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست

اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2016
محمد نبی کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیاگیا—فوٹو: اے پی
محمد نبی کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیاگیا—فوٹو: اے پی

ڈھاکا: افغانستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور کی دوسری گیند پر 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

افغانستان کے باؤلرز راشد خان اور سابق کپتان محمد نبی نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی 25 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنانے والی بنگلہ دیش ٹیم کے آخری 7 بلے بازوں کو 86 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

بنگلہ دیش کی 9 وکٹیں 43 ویں اوور میں 165 رنز پر گر چکی تھیں تاہم 20 سالہ نوجوان بلے باز مصدق حسین نے روبیل حسین کے ساتھ مل کر آخری وکٹ میں 43 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے 208 کا مجموعہ ترتیب دیا۔

مصدق حسین نے آؤٹ ہوئے بغیر سب سے زیادہ 45 رنز بنائے جبکہ مشفق الرحیم 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 3 اور محمدنبی نے صرف 16 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کی تجربہ کار ٹیم کی جانب سے دیے گئے 209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے محمد شہزاد نے شروع میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن نوروز مینگل اور رحمت شاہ جلد آؤٹ ہوئے۔

محمد شہزاد 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان اصغر استنکزئی اور محمد نبی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتےہوئے 107 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔

محمد نبی 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو افغانستان کا اسکور 170 رنز اور اس کو جیت کے لیے مزید 38 رنز درکار تھے لیکن ٹیم کو اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب کپتان اصغر بھی صرف 4 رنز کے اضافے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اصغر استنکزئی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 رنز بنائے تھے جنھیں مصدق حسین نے آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے لیے شدید مشکلات کھڑی کیں لیکن میروائس اشرف اور نجیب اللہ زیدران نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 19 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 208 رنز کردیا۔

نجیب اللہ زیدران 22 رنز بنا کر ایک ایسے موقع پر تسکین احمد کا شکار ہوئے جب ٹیم کو جیت کے لیے محض ایک رن درکار تھا لیکن نئے آنے والے بلے باز دولت زیدران نے پہلے ہی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو دووکٹوں سے یادگار فتح دلادی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 4 اور مصدق حسین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

افغانستان کے محمد نبی کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دی تھی۔

سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ یکم اکتوبر کو میرپور میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں