ممبئی: کنٹرول لائن پر ہندوستان کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کے بعد انڈین اسٹاک مارکیٹ 500 پوائنٹس تک کریش کرگئی جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی 500 پوائنٹس تک کی کمی دیکھی گئی۔

ممبئی اسٹاک مارکیٹ میں جعمرات کے روز کاروبار کا آغاز 9 بجکر 15 منٹ پر 28ہزار 452پوائنٹس پر ہوا جب کہ 12 بجے کے قریب جب ہندوستان کی جانب سے کنٹرول لائن پر سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے پر مبنی خبریں سامنے آنا شروع ہوئیں تو ممبئی اسٹاک ایکسچینج بی ایس ای سینسیکس 27 ہزار 740 پوائنٹس تک گرگیا۔

یہ بھی پڑھیں: سرجیکل اسٹرائیکس کابھارتی دعویٰ 'جھوٹا'، فائرنگ سے 2 پاکستانی فوجی جاں بحق

تاہم دوپہر دو بجے تک بی ایس ای میں دوبارہ تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور انڈیکس 27 ہزار 902 پوائںٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

اسکرین شارٹ
اسکرین شارٹ

علاوہ ازیں ہندوستان کی جانب سے کنڑول لائن پر سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کا اثر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) پر بھی دیکھنے میں آیا۔

پی ایس ایکس میں کاروبار کا آغاز 9 بج کر 16 منٹ پر 4 ہزار 355 پوائنٹس پر ہوا اور 12 بجے سے قبل اسٹاک مارکیٹ میں انتہائی تیزی کا رجحان تھا اور انڈیکس 11 بجکر 50 منٹ پرتقریباً 500 پوائنٹس اضافے کے بعد 40 ہزار 842 کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

تاہم سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے سامنے آنے کے بعد انڈیکس میں تقریباً 500 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس ساڑھے 12 بجے تک 40 ہزار 339 کی سطح پر آگیا۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان جاری رہا اور ایک بجکر 45 منٹ تک انڈیکس 40 ہزار 274 پوائنٹس پر آچکا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سرجیکل اسٹرائیکس کی رپورٹس سامنے آتے ہیں ہندوستانی شیئرز، بانڈز اور روپے کی قدر میں کمی واقع ہوئی اور این ایس ای انڈیکس 2.07 فیصد تک نیچے گرگیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیکس کے ہندوستانی دعوے کو یکسر مسترد کردیا گیا اور کہا گیا کہ ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھمبھر، کیل، تتاپانی اور لیپا سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایل او سی پر رات ڈھائی سے صبح 8 بجے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا فائرنگ کو سرجیکل اسٹرائیکس کا رنگ دینا ایک دھوکہ ہے۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں