اسلام آباد: بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعے پر دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے کو دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول پر ہونے والی خلاف ورزی کے حوالے سے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔

اعزاز چوہدری نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے دو فوجی جوان جاں بحق ہوئے، بھارتی فوج لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے جس کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے بھارت کے بے بنیاد سرجیکل دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، لیکن بھارت کی جانب سے منفی پروپیگنڈا اور اب فوجی کارروائی کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: سرجیکل اسٹرائیکس کابھارتی دعویٰ 'جھوٹا'، فائرنگ سے 2 پاکستانی فوجی جاں بحق

اعزاز چوہدری نے گوتم بمبا والے کو لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور بھارتی خلاف ورزی کے ثبوت دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایسے اقدامات خطے میں امن کو متاثر کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر سال ہونے والی سارک کانفرس بھی بھارت کی وجہ سے منسوخ ہوئی، سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے بیانات حوصلہ افزا نہیں ہیں اور پاکستانی ہائی کمشنر کو بھی بھارت میں دھمکی آمیز فون کالز موصول ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان بین الاقوامی برادری کی توجہ کشمیر کی صورتحال سے ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر جان بوجھ کر کشیدگی بڑھا رہا ہے، جبکہ کشمیر میں بھارتی فوجی معصوم افراد کو اپنے ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی سے ایک بھارتی فوجی گرفتار، متعدد ہلاک

واضح رہے کہ ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھمبھر، کیل، تتہ پانی اور لیپا سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی، جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ رات ڈھائی بجے سے صبح 8 بجے تک جاری رہا۔

ایل او سی پر فائرنگ کے تبادلے کے چند گھنٹے بعد ہی ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے دعویٰ کیا کہ 'ہندوستانی فورسز نے گذشتہ رات لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیکس کیں'۔

مزید پڑھیں: سرجیکل اسٹرائیکس ہوتی کیا ہیں؟

تاہم آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا فائرنگ کو سرجیکل اسٹرائیکس کا رنگ دینا ایک دھوکہ ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کی جانب سے ہندوستانی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں