پھلوں و سبزیوں پر مشتمل غذا دل بنائے صحت مند

29 ستمبر 2016
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— اے ایف پی فائل فوٹو
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— اے ایف پی فائل فوٹو

پھل، سبزیاں اور زیتون کے تیل سے بھرپور غذا زندگی میں دل کے امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کردیتی ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

کیمبرج یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق جو لوگ پھلوں، سبزیوں،اجناس، گریوں اور زیتون کے تیل سمیت معتدل مقدار میں ڈیری مصنوعات، مچھلی اور مرغی وغیرہ پر مشتمل کا غذا کا استعمال کرتے ہیں ان میں خون کی شریانوں سے متعلقہ مسائل کا خطرہ 16 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس طرح کی غذا کا استعمال ہارٹ اٹیک یا فالج جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ کم کردیتا ہے۔

دنیا بھر میں امراض قلب کے نتیجے میں ہر سال لاکھوں اموات ہوتی ہیں اور محققین کا کہنا ہے کہ اپنی غذا میں معمولی تبدیلی لاکر اس خطرے کو کافی حد تک ٹالا جاسکتا ہے۔

اس حوالے سے محققین نے لگ بھگ 24 ہزار صحت مند افراد کا ڈیٹا جمع کیا اور ان کی غذا کا جائزہ لیا۔

اس سے پہلے بھی یہ بات سامنے آچکی ہے کہ اس طرح کی غذا کا استعمال دماغی امراض سے بھی تحفظ دیتا ہے۔

اسی طرح اگست میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق یہ غذا کولیسٹرول کی سطح میں کمی لانے کے حوالے سے ادویات سے زیادہ موثر ثابت ہوتی ہے۔

جون میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ اس طرح کی غذا خواتین میں بریسٹ کینسر کا خطرہ کم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔

یہ تحقیق طبی جریدے بی ایم سی میڈیسین میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں