کولکتہ ٹیسٹ: ہندوستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار

30 ستمبر 2016
ہندوستان کے تین بلے باز 46 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے—فوٹو: رائٹرز
ہندوستان کے تین بلے باز 46 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے—فوٹو: رائٹرز

کولکتہ: ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ کے پہلے روز مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود چتیشور پجارا اور اجانکیا راہانے کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا لیے۔

ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے جارہے دوسرے میچ میں ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ہندوستان کی مضبوط بیٹنگ شروع میں بہت مشکلات کا شکار ہوئی اور کپتان ویرات کوہلی سمیت دونوں اوپنرز 46 کے اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے تاہم چتیشور پجارا نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔

پجارا اور اجانکیا راہانے نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 141 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کو مشکل سے نکال دیا لیکن پجارا اپنی اننگز کو مزید طول نہ دے سکے اور 87 رنز بنا کر 187 کے اسکور پر ویگنر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

راہانے بھی اپنی بیٹنگ کو تسلسل نہ دے سکے جبکہ دوسری جانب سے کوئی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا، روہت شرما 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ہندوستان کا اسکور 193 تھا جبکہ 200 کے اسکور پر راہانے 77 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ایشون نے ایک دفعہ پھر قیمتی 26 رنز بنائے تاہم 231 کے اسکور پر انھیں ہنری نے آؤٹ کردیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر ہندوستان نے 7 وکٹیں کھو کر 239 رنز بنائے تھے۔

مزید پڑھیں: ایشون کی دس وکٹیں، ہندوستان کی 500ویں ٹیسٹ میں فتح

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیتن پٹیل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہندوستان نے کانپور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں 197 رنز سے کامیابی حاصل کرکےسیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی جبکہ ہندوستان سیریز میں کامیابی حاصل کرکے درجہ بندی میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرسکتا ہے تاہم پاکستان ٹیسٹ سیریز میں ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کرکے اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہوسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں