پنجگور: لیویز اہلکاروں کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاک ۔ ایران سرحد کے قریب ایک مقام سے 6 لاشیں ملیں۔

گولیوں سے چھلنی لاشیں پنجگور کے علاقے پروم سے برآمد کی گئیں۔

لیویز عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ تمام لاشیں پروم علاقے کے ایک گھر سے ملیں، جبکہ تمام افراد کو قریب سے گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: قلات سے 4 افراد کی لاشیں برآمد

عہدیدار کا کہنا تھا کہ مقتولین میں قبائلی رہنما عبدالمالک، ان کے 3 بیٹے اور 2 مہمان شامل ہیں۔

تمام لاشوں کو شناخت کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرک ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

لیویز نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم اب تک قتل کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے اور نہ ہی کسی نے واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: ضلع کچھ سے تین لاشیں برآمد

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں سے مسخ اور تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوتی رہی ہیں۔

گزشتہ ماہ ضلع قلات کے علاقے نیمرغ سے گولیوں سے چھلنی 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

قبل ازیں رواں سال اپریل میں لیویز اہلکاروں نے ضلع کچھ کے علاقے ہوشاب سے گولیوں سے چھلنی 3 لاشیں برآمد کی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں