260 ارب سے زائد کے 6 منصوبوں کی منظوری

30 ستمبر 2016
اسحٰق ڈار ایکنک اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی
اسحٰق ڈار ایکنک اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی

اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے گوادر ۔ نواب شاہ ایل این جی ٹرمنل اور گیس پائپ لائن منصوبے سمیت 260 ارب روپے سے زائد مالیت کے 6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے زیرِ صدارت اسلام آباد میں ہوا۔

کمیٹی نے بلوچستان میں 7 ارب 82 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد کی لاگت سے 100 چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کی منظوری دی۔

منصوبے کو 3 سال میں مکمل کیا جائے گا جس میں تقریباً 58 ہزار 500 ایکڑ اراضی زیرکاشت آئے گی۔

کمیٹی نے جنوبی پنجاب میں غربت کے خاتمے اور لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے منصوبے کی بھی منظوری دی۔

منصوبے کو 4 ارب 65 کروڑ 89 لاکھ روپے کی نظرثانی شدہ لاگت سے 2017 میں مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں گوادر ۔ نواب شاہ ایل این جی ٹرمنل اور پائپ لائن منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، 2 کھرب 3 ارب 31 کروڑ سے زائد کی لاگت سے منصوبے کی تکمیل دو سال میں متوقع ہے۔

ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے کے لیے وزارت ریلوے کو 16 ارب 30 کروڑ روپے کی نظرثانی شدہ لاگت سے ڈیزل اور بجلی سے چلنے والے 58 انجنوں کی خریداری کی اجازت دی گئی۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کے لیے نظرثانی شدہ گولن گول پن بجلی منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، 106 میگاواٹ کا یہ منصوبہ 29 ارب 7 کروڑ سے زائد کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لیے 19 ارب 98 کروڑ سے زائد کی لاگت سے ساتویں سکینڈری ٹرانسمشن لائن اور گرڈ اسٹیشنوں کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں