’سلمان خان کو سبق سکھانے کی ضرورت ہے‘

01 اکتوبر 2016
ہندوستانی انتہا پسند جماعت شیو سینا کی رہنما نے سلمان خان کو دھمکی دے ڈالی — فوٹو/ اے ایف پی
ہندوستانی انتہا پسند جماعت شیو سینا کی رہنما نے سلمان خان کو دھمکی دے ڈالی — فوٹو/ اے ایف پی

ممبئی: ہندوستان کی انتہا پسند جماعت شیو سینا کی رہنما منیشا کایاندے نے بولی وڈ اداکار سلمان خان کی پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں بیان دینے پر انہیں پاکستان چلے جانے کا مشورہ دے دیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق انتہا پسند جماعت شیو سینا کی رہنما منیشا کایاندے نے 50 سالہ سلمان خان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سبق سکھانے کی ضرورت ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اگر سلمان خان کو پاکستانی فنکاروں سے اتنی ہی محبت ہے تو وہ پاکستان چلیں جائیں‘۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فنکار دہشت گرد نہیں، سلمان خان

واضح رہے کہ انڈین فلم ایسوسی ایشن نے چند روز قبل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی۔

اس واقع کے بعد بولی وڈ کی متعدد شخصیات نے اپنا ردعمل دیا جن میں کچھ پاکستانی فنکاروں کے خلاف جبکہ کچھ ان کی حمایت میں بولے تھے۔

ان اداکاروں میں سلمان خان بھی شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کے اداکاروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آرٹس ہیں دہشت گرد نہیں، انہیں بھارت آنے کا ویزا ہندوستانی حکومت ہی دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فنکاروں کو ہندوستان چھوڑنے کا الٹی میٹم

واضح رہے کہ اوڑی حملے کے بعد ہندوستان کی قوم پرست جماعتوں نے فواد خان اور ماہرہ خان سمیت 7 پاکستانی اداکاروں کو 48 گھنٹوں کے دوران بھارت چھوڑ کر جانے کا الٹی میٹم دیا تھا۔

مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) نے کرن جوہر کے گھر کے باہر بھی دھرنا دیا، جس کی وجہ ان کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ تھی، جس میں انھوں نے پاکستانی اداکار فواد خان کو کاسٹ کیا تھا۔

اس واقع کے بعد بھی سلمان خان کرن جوہر کی مدد کے لیے آگے آئے تھے اور رپورٹس کے مطابق انھوں نے مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) کے صدر راج ٹھاکرے کو فون کرکے دھرنا ختم کرنے کی گزارش کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں