پاکستان ون ڈے میں بھی بہتری کی جانب گامزن ہے، اظہر

01 اکتوبر 2016
اظہر علی نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں اس بات پر توجہ دی جاتی ہے کہ ہر میچ میں صحیح سوچ کے ساتھ میدان میں اترا جائے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
اظہر علی نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں اس بات پر توجہ دی جاتی ہے کہ ہر میچ میں صحیح سوچ کے ساتھ میدان میں اترا جائے۔ فائل فوٹو اے ایف پی

شارجہ: پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا ماننا ہے کہ ٹیم نے تمام شعبوں میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنا شروع کردیا ہے اور وہ ایک روزہ کرکٹ میں بھی بہتری کی راہ پر گامزن ہے۔

اظہر علی نے کہا کہ فٹنس کا معیار بھی بلند ہوا ہے اور ہم نے فتح کیلئے درکار تمام عوامل بھی حاصل کرنا شروع کر دیے ہیں۔

ٹی ٹوئنتی سیریز میں کلین سوئپ کرنے والے والی پاکستانی ٹیم نے ایک روزہ کرکٹ میں اظہر کی زیر قیادت بھی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور ویسٹ انڈیز کو پہلے ایک روزہ میچ میں 111 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پوری ٹیم میں فتح میں کردار ادا کیا اور گزشتہ چند میچز ہمارے لیے بہت اچھے رہے ہیں۔ ہم بہترین امتزاج بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ نچلے نمبروں تک بیٹنگ کر سکیں جو آج کل ایک روزہ کرکٹ میں بہت اہم ہے۔

بابر اعظم نے 120 رنز کی عمدہ اننگ کھیل جیت کی بنیاد رکھی جہاں 70 منٹ روشنی کے مسائل کے سبب کھیل روکے جانے کے بعد 49 اوورز تک محدود کیے جانے والے میچ میں پاکستان نے حریف کو 287 رنز کا ہدف دیا لیکن مہمان ٹیم ٹی ٹوئنٹی کی خراب کارکردگی سے باہر نہ نکل سکی اور پوری ٹیم 175 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

مزید پڑھیں: سابق عالمی چمپیئنزکی ورلڈ کپ مہم کا آغاز

اظہر نے کہا کہ دوپہر میں گیند صحیح سے بلے پر نہیں آ رہا تھا لیکن سرفراز، بابر اور شرجیل کی بدولت ہم نے اچھا اسکور کیا۔

31 سالہ کپتان نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محدود اوورز کا کھیل ہمیشہ سے نوجوانوں کا گیم رہا ہے اور نوجوانوں کو فتح گر کارکردگی دکھاتے ہوئے دیکھنا انتہائی خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈریسنگ روم میں اس بات پر توجہ دی جاتی ہے کہ ہر میچ میں صحیح سوچ کے ساتھ میدان میں اترا جائے اور امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم یہی سوچ برقرار رکھے گی۔

'ہماری توجہ اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔ ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں کن جگہوں پر بہتری لانے کی ضرورت ہے اور کوچنگ اسٹاف اس پر کام کر رہا ہے۔ اگر ہم بہتری لاتے رہے تو مزید میچز جیت سکتے ہیں اور اس سے ہماری درجہ بندی میں بھی بہتری آئے گی۔

عالمی درجہ بندی میں بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیموں کو ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کا چیلنج درپیش ہے اور سیریز میں 3- سے کلین سوئپ کی صورت میں گرین شرٹس آٹھویں نمبر پر آ سکی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچاتوار کو کھیل جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں