کولکتہ ٹیسٹ کا دوسرا دن ہندوستان کے نام

01 اکتوبر 2016
بھونیشور کمار نے صرف 33 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو اے پی
بھونیشور کمار نے صرف 33 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو اے پی

کولکتہ: ہندوستان نے بھونیشور کمار کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی سات وکٹیں حاصل کر کے دوسرے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔

ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کین ولیمسن سے محروم نیوزی لینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو ان کے پاس بھونیشور کی باؤلنگ کا کوئی جواب نہ تھا اور آصرف 23 رنز پر تین کیوی بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس موقع پر لیوک رونچی اور روس ٹیلر نے 62 رنز کی شراکت قائم کر کے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو کچھ دیر کیلئے تھام دیا تاہم رویندرا جدیجا نے رونچی کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی۔

اس دوران بارش کے سبب میچ کو کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا لیکن بارش کے سبب تعطل بھی کیوی ٹیم کی قسمت نہ بدل سکا اور 104 کے مجموعے پر روس ٹیلر بھی 36 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

بھونیشور نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور مچل سینٹنر اور میٹ ہنری کو آؤٹ کر کے اننگ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے سات وکٹ کے نقصان پر 128 رنز بنائے تھے اور اسے ہندوستان کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 188 رنز درکار ہیں جو پہلی اننگ میں 316 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ہندوستان نے دوسرے دن کی صبح 239 رنز سات کھلاڑی آؤٹ سے اننگ کا آغاز کیا تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ کیوی باؤلرز جلد ہی میزبان ٹیم کی بساط لپیٹ دیں لینک وردیمان ساہا ان کی راہ میں حائل ہو گئے۔

وکٹ کیپر بلے باز نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 54 رنز کی اننگ کھیلی جس کی بدولت ہندوستانی ٹیم پہلی اننگ میں 316 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ، نیل ویگنر اور جیتن پٹیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ کانپور ٹیسٹ میں فتح کی بدولت ہندوستان کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں