پشاور: ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ مانسہرہ میں پہاڑی تودہ گرنے سے ایک شخص ہلاک اور ناران میں 11 افراد زخمی ہوگئے۔

5 اعشاریہ 5 شدت کے زلزلے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقے لرز اٹھے۔

زلزلے کے جھٹکے گلگت بلتستان اور خیبر ایجنسی میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلے کا مرکز پٹن کے قریب 12 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: زلزلے کی صورت میں احتیاطی تدابیر

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 4 تھی اور اس کا مرکز مینگورہ سے 117 کلو میٹر مشرق میں تھا۔

زلزلے کے باعث زمین لرزنے سے خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں پہاڑی تودہ گرگیا، جس کے تلے دبنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ناران میں زلزلے کے باعث متعدد گھروں کی دیواریں گر گئیں، جس سے 11 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

زلزلے کے باعث علاقے میں مواصلاتی نظام بھی بُری طرح متاثر ہوا۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اور بالائی علاقوں میں گزشتہ چند ماہ کے دوران 4 سے 6 شدت کے متعدد زلزلے آچکے ہیں۔

گزشتہ سال اکتوبر میں 7.5 شدت کے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 8 اکتوبر، 2005 کو 7.6 شدت کے زلزلے نے کشمیر اور شمالی علاقوں میں تباہی پھیلا دی تھی۔

زلزلے کے نتیجے میں 80 ہزار سے زیادہ افراد کی ہلاکت ہوئی تھی جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد زخمی اور ڈھائی لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں