پاکستان ایشیاکے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کافاتح

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2016
پاکستان نے تاریخی ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 56 رنز سے شکست دی—فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے تاریخی ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 56 رنز سے شکست دی—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ایشیا کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں 56 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔

دبئی میں کھیلے گئے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے آخری روز ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کا اسکور 2 وکٹوں پر 95 رنز تھا تاہم مارلن سیمیولز اسکور میں کوئی اضافہ کیےبغیر محمد عامر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز کا کیچ بنے۔

سیمیولز کے بعد جرمین بلیک ووڈ بینٹگ کے لیے میدان میں آئے اور براوو کے ساتھ مل کر 21 رنز کا اضافہ کیا اور انھیں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے محمد نواز نے آؤٹ کیا۔

جرمین بلیک ووڈ نے 15 رنز بنائے تھے اور جب آؤٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز کا اسکور 116 رنز تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

ڈیرن براوو نے پہلی اننگز کی طرح اپنی ذمہ دارانہ بلے بازی کو جاری رکھا اور چائے کے وقفے تک ویسٹ انڈیز کو 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز تک پہنچادیا تھا۔

چائے کے وقفے کے بعد براوو اور چیز نے اسکور کو193 رنز تک پہنچایا تھا کہ یاسر شاہ نے دونوں بلے بازوں کی 77 رنز کی شراکت کو ختم کردی اور پاکستان کو پانچویں کامیابی دلادی جس کے فوری بعد وہاب ریاض نے نئے آنے والے بلے باز ڈاؤریچ کو صفر پر آؤٹ کردیا۔

براوو نے اپنی ذمہ دارانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان جیسن ہولڈر کے ساتھ مل کر کھانے کے وقفے سے قبل اپنی سنچری مکمل کی اور ویسٹ انڈیز کے لیے میچ میں کامیابی کے امکانات کو روشن رکھا لیکن یاسر شاہ نے طویل انتظار کے بعد ان کی 116 رنز کی شاندار اننگز کا خاتمہ کرکے پاکستان کو بڑی کامیابی دلادی۔

مزید پڑھیں: دبئی ٹیسٹ پر پاکستان کی گرفت مضبوط

براوو اور ہولڈر کے درمیان 69 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور جب براوو 263 رنز پر آؤٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 82 رنز درکار تھے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے آٹھویں آؤٹ ہونے والے بلے باز بشو تھے جو 3 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد میگوئیل کمنز کو مصباح الحق نے 277 کے مجموعے پر رن آؤٹ کیا جبکہ شینن گیبریل آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جو ایک رن بنا سکے تھے لیکن انھیں سرفراز احمد نے رن آؤٹ کیا یوں پاکستان نے تاریخی میچ میں کامیابی حاصل کی۔

جیسن ہولڈر نے آؤٹ ہوئے بغیر 40 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین وکٹیں حاصل کیں، یاسر شاہ اور محمد نواز نے 2،2 اور وہاب ریاض نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اظہرعلی کو پہلی اننگز میں ناقابل شکست 302 رنز کی اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لیگ اسپن کے فن کار یاسرشاہ کا ریکارڈ

قبل ازیں پاکستان نے اظہرعلی کے ناقابل شکست 302 رنز کی بدولت 3 وکٹوں پر 579 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کردی تھی جبکہ دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کے اسپنر بشو کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے صرف 123 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوئی تھی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 357 رنز بنائے تھے اور 222 رنز کے خسارے کا سامنا تھا، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 5 وکٹیں حاصل کرکے اپنے کیریئر کی 100 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے والے ایشیا اور پاکستان کے پہلے باؤلر بن گئے ہیں، انھوں نے یہ ریکارڈ ہندوستان کے ایشون سے چھین لیا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 21 اکتوبر کو ابوظہبی میں شروع ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 30 اکتوبر سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

قبل ازیں پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں