پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے آل راؤنڈرڈیرن سیمی، لیگ کے دوسرے سیزن کے ڈرافٹ سے قبل ٹیم کے میڈیا منیجر عماد حمید کے ساتھ فیس بک پر مداحوں سے براہ راست ہم کلام ہوئے تو انھیں ڈیرن سیمی 'خان' کے لاحقے سے نواز دیا گیا۔

پشاورزلمی کے ایک مداح نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے انھیں 'ڈیرن سیمی خان آفریدی' کہا تو سیمی قہقہ لگاتے ہوئے اس سے خوب محظوظ ہوئے اور مداحوں سے پشتو میں حال پوچھا۔

انھوں نے پشاورزلمی کے مداحوں کو کہا 'سنگایی، تاسو ٹول'؟

سیمی نے کہا کہ پشاور زلمی ایک خاندان کی طرح ہے جہاں مالک سے لے کر ٹیم کے رابطہ کار اور کوچ سے لے کر مساجر 'ملنگ' تک سب ایک خاندان کی طرح ہیں'۔

مداحوں نے ان سے کئی سوالات پوچھے اور انھوں نے ان سوالات کا جواب دے دیا۔

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ٹی ٹوئنٹی کے چمپیئن کپتان نے اس سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگ بننے کی صلاحیت رکھتی ہے کیونکہ اس میں آپ کے پاس کمارسنگارا، کیون پیٹرسن، کرس گیل، ڈوون براوو، بین اسٹوکس، برینڈن مک کولم اور ان جیسے کئی ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم جیسا کھلاڑی موجود ہے جنھوں نے کیربیئن پریمیئر لیگ میں بہترین کارکردگی دکھائی اور ہماری ٹیم کے خلاف انھوں نے شاندار کھیلا جس پر انھیں عماد حمید نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ کا نقصان ہمارا فائدہ'۔

سیمی نے کہا کہ گذشتہ سیزن میں ہماری ٹیم کے مداحوں کی تعداد سب سے زیادہ تھی اور لوگوں نے حمایت کی مجھے امید ہے اس دفعہ حمایت پہلے سے زیادہ ہوگی۔

پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں ڈیرن سیمی نے پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم وہ ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں ناکام رہے تھے۔

پشاور زلمی ٹیم کی جانب سے پہلے سیزن میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا گیا تھا جبکہ محمد اصغر جیسے نوجوان کھلاڑی اسی ٹیم سے ابھرے تھے اور نوجوان کھلاڑیوں نے اپنے صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا تھا۔

سیمی نے آخر میں مداحوں کی خواہش پر بہت جلد پاکستان اور خصوصاً پشاور آنے کا بھی اعلان کیا۔

پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ دوسرے سیشن کا فائنل لاہور میں کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ لیگ کی اختتامی تقریب پاکستان میں ہوگی۔

یاد رہے مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کا پہلا سیزن اپنے نام کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں