دوسرے ٹیسٹ سے قبل آرتھر کا کھلاڑیوں کو انتباہ

20 اکتوبر 2016
پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں ٹریننگ کر رہی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں ٹریننگ کر رہی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

ابوظہبی: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم کی جانب سے عمدہ کم بیک کے بعد اپنے کھلاڑیوں خبردار کیا ہے کہ مہمان ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 346 رنز کا بڑا ہدف دیا لیکن ڈیرن براوو کی 116 رنز کی اننگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کیا اور ڈے نائٹ ٹیسٹ کے پانچویں دن آخری گھنٹے میں انہیں 56 رنز سے شکست ہوئی۔

پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے اور آرتھر نے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ پہلے میچ میں حاصل ہونے والے ایڈوانٹیج کو ضائع نہ کریں۔

مزید پڑھیں: ڈیرن براوو کو ویسٹ انڈیز کی مزاحمت پر فخر

انہوں نے شیخ زائد اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ویسٹ انڈیز مکمل تیاری کے ساتھ واپسی کی کوشش کرے گا، وہ پہلے ٹیسٹ میچ میں جس طرح لڑے اس نے مجھے بہت متاثر کیا اور براوو تو بہت عمدہ رہے لہٰذا ہمیں اگلے ٹیسٹ میچ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

پاکستان نے اظہر علی ٹرپل سنچری کی بدولت 579 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگ ڈکلیئر کی لیکن بشو نے دوسری اننگ میں آٹھ وکٹیں لے کر پوری ٹیم کو 123 رنز پر ٹھکانے لگا دیا۔

مکی آرتھر نے کہا کہ گلابی گیند سے کھیلے گئے کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں ہم نے ویسٹ انڈیز کو واپسی کا موقع فراہم کیا، میں دوسری اننگ میں اپنی ٹیم کی بیٹنگ سے بہت مایوس ہوا لیکن اچھی چیز یہ ہے کہ ہم نے اس سے سیکھا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہو۔

یہ بھی پڑھیں: 'اصل امتحان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ'

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے سابق کوچ نے کہا کہ وہ ٹیم کی کارکردگی اور پیشرفت سے مطمئن ہیں، ہم نے کارڈف میں ہونے والے میچ کے بعد دس میچ جیتے ہیں اور ان چیزوں سے اعتماد ملتا ہے، کھلاڑی سیکھ رہے ہیں اور ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے۔

انہوں نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا بھگتنے کے بعد ٹیم میں شامل کیے گئے محمد عامر کو ٹیم کا اہم رکن قرار دیتے ہوئے وہ تمام فارمیٹس میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، وہ دن بدن بہتر ہو رہے ہیں اور آگے چل کر بھی اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کی فٹنس کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر ہو رہی ہے اور میں ان کی فٹنس سے بہت خوش ہوں لیکن ہمیں اب بھی بہت کام کرنا ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ جمعے سے کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں