معین اور بیئراسٹو نے انگلینڈ کو تباہی سے بچا لیا

20 اکتوبر 2016
انگلش بلے باز معین علی نصف سنچری کی تکمیل پر داد کوا جواب دے رہے ہیں۔ فوٹو اے پی
انگلش بلے باز معین علی نصف سنچری کی تکمیل پر داد کوا جواب دے رہے ہیں۔ فوٹو اے پی

چٹاگانگ: معین علی اور جونی بیئیراسٹو نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے انگلینڈ کو مکمل تباہی سے بچاتے ہوئے معقول مجموعے تک رسائی دلا دی۔

چٹاگانگ میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔

میچ کیلئے انگلینڈ نے بین ڈکٹ جبکہ بنگلہ دیش نے صابر رحمان، کامرالاسلام ربی اور مہدی حسن میراز کو ڈیبیو کرایا۔

انگلینڈ کی ٹیم 21 رنز پر تین وکٹیں گنوا کر ابتدا میں ہی مشکلات سے دوچار ہو گئی، ایلسٹر کک چار، ڈکٹ 14 اور گیری بیلنس ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

اس موقع پر جو روٹ نے معین علی کے ساتھ ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش لیکن 40 رنز بنانے کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے حسن میراز کی تیسیر وکٹ بن گئے۔

بین اسٹوکس نے معین کا ساتھ نبھانے کی کوشش کی لیکن 18 کے اسکور پر شکیب الحسن نے ان کی وکٹیں بکھیر کر انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے محروم کردیا۔

انگلینڈ 106 رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہو کر شدید مشکلات سے دوچار تھا لیکن معین علی اور جونی بیئراسٹو نے 88 رنز کی شراکت قائم کر کے انگلینڈ کی معقول مجموعے تک رسائی کی راہ ہموار کی۔

18 سالہ حسن میراز نے اپنے پہلے ہی میچ میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ فوٹو اے پی
18 سالہ حسن میراز نے اپنے پہلے ہی میچ میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ فوٹو اے پی

ایک مرتبہ پھر حسن میراز انگلش ٹیم کیلئے مشکلات کا سبب بننے اور انہوں نے اس شاندار شراکت کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلائی، معین 68 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

بیئراسٹو نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ برقرار رکھا اور کرس ووکس کے ساتھ 43 رنز جوڑنے کے ساتھ ساتھ اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ دن کا کھیل ختم ہونے سے چند اوورز قبل 52 رنز بنانے کے بعد حسن میراز کی اننگ میں پانچویں وکٹ بنے۔

جب 92 اوورز کے کھیل کے بعد پہلے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو انگلینڈ نے سات وکٹ کے نقصان پر 258 رنز بنائے تھے، کرس ووکس 36 اور عادل راشد پانچ رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے 18 سالہ حسن نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز کے عوض پانچ وکٹ حاصل کیے جبکہ شکیب الحسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں