ڈرامہ ’اڈاری‘ میں منفی کردار ادا کرنے والے احسن خان کی اداکاری کو مداحوں نے بہت سراہا جس کے بعد اب وہ ڈرامہ سیریز ’دکھ سکھ‘ میں کام کررہے ہیں۔

ڈرامہ سیریز ’دکھ سکھ‘ آج کل پیش کیے جانے والے ان تمام ڈراموں سے کافی مختلف ہوگا جن میں صرف ساس اور بہو کی کہانیاں پیش کی جاتی ہیں۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے احسن خان کا کہنا تھا کہ ’آج کل ہر کوئی ایک ہی طرح کے ڈرامے بنا رہا ہے، اب پی ٹی وی پر آنے والے پرانے ڈراموں کو آج کی نسل نہیں دیکھتی لیکن میں اب بھی انہیں یوٹیوب پر دیکھتا ہوں‘۔

احسن کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ ڈرامے انٹرٹینمنٹ سے بھرپور ہوتے تھے جن میں کوئی نہ کوئی سماجی پیغام بھی دیا جاتا، مجھے لگتا ہے کہ اب اس قسم کے ڈرامے نہیں بنائے جاتے، اب کے ڈرامے شارٹ فلموں کی طرح بنائے جاتے ہیں‘۔

اس ڈرامہ سیریز میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات شامل ہوں گی۔

احسن کے مطابق ’اس سیریز میں منٹو کی کہانیاں شامل کی جائیں گی ساتھ ساتھ بی گل، آمنہ مفتی اور محسن علی کی لکھی ہوئی کہانیاں بھی پیش کی جائیں گی‘۔

احسن خان نے مزید کہا کہ ’سکینہ سموں نے میرے لیے سات کہانیوں کی ہدایات دی ہیں، میں نے مقبول ہدایت کار احمد طارش، محسن علی اور احتشام الدین کو بھی شامل کیا ہے‘۔

ڈرامہ سیریز ’دکھ سکھ کا آغاز کل سے کیا جائے گا، احسن اس وقت اپنی فلم ’چھپن چھپائی‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Raja Bilal Oct 21, 2016 03:33pm
Konsay channel par telecast ho gi ye serial?