’یورپین گولڈن شو‘ ایوارڈ ایک بار پھر لوئس سواریز کے نام

20 اکتوبر 2016
لوئس سواریز ایوارڈ کے ہمراہ — فوٹو: رائٹرز
لوئس سواریز ایوارڈ کے ہمراہ — فوٹو: رائٹرز

معروف فٹبالر لوئس سواریز نے یورپ کی ٹاپ ڈومیسٹک لیگز کے پچھلے سیزن میں سب سے زیادہ گولز کرنے پر اپنے کیریئر کا دوسرا ’یورپین گولڈن شو‘ حاصل کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق بارسلونا کے 29 سالہ فارورڈ پلیئر نے لا لیگا ایونٹ میں 35 میچز میں 40 گولز کیے جس نے بارسلونا کو اسپینش ٹائٹل اپنے نام رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

لوئس سواریز نے سال 16-2015 کی مہم کے دوران بارسلونا کی جانب سے مختلف مقابلوں میں مجموعی طور پر 52 میچوں میں 59 گولز کیے۔

یوروگوائے سے تعلق رکھنے والے فٹبالر پلیئر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ’میں بارسلونا کا شکر گزار ہوں جس کے باعث میں اپنا خواب اور مقاصد حاصل کر پارہا ہوں۔‘

انہوں نے کلب میں شمولیت سے قبل مشکل حالات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے ٹیم کے ساتھی کھلاڑی شاندار ہیں، جن کی بدولت میرے لیے مشکلات آسان ہوجاتی ہیں۔‘

واضح رہے کہ لوئس سواریز کو درپیش آنے والے مشکل حالات میں فیفا کی جانب سے وہ 4 ماہ کی پابندی بھی شامل ہے، جو ان پر 2014 میں برازیل میں ہونے والے عالمی فٹبال کپ کے میچ کے دوران اٹلی کے ڈیفینڈر کیورجیو چیلینی کو ٹکر مارنے کے باعث لگائی گئی تھی۔

اس وقت لوئس سواریز لیورپول کے کھلاڑی تھے، تاہم ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد انہوں نے بارسلونا سے معاہدہ کرلیا، لیکن فیفا کی جانب سے معطلی کے باعث سیزن کے شروع کے میچز میں شرکت نہ کرسکے۔

یاد رہے کہ لوئس سواریز نے پہلا گولڈ شو ایوارڈ 14-2013 میں اس وقت حاصل کیا تھا جب وہ لیورپول کا حصہ تھے، اور ان کے 31 گولز کی بدولت لیورپول پریمیئر لیگ میں دوسری پوزیشن پر آئی تھی۔

اس سال یہ ایوارڈ لوئس سواریز اور ریال میڈریڈ کے کرسچیانو رونالڈو کو مشترکہ طور پر دیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں