اسلام آباد: پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے ملک میں عنقریب پیٹرول کی قلت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کم معیاری پیٹرول کی معیاری پیٹرول میں باآسانی تبدیلی کی یقینی دہانی کرادی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق قومی آئل کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ادارہ چند حلقوں کی جانب سے، آئندہ کچھ دنوں میں ملک میں معیاری پیٹرول کی درآمد کے باعث موجودہ پیٹرول کی قلت کے حوالے سے پھیلائے گئے تاثر کی مکمل تردید کرتا ہے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ پیٹرول کی قلت کے دعوؤں کے برعکس پی ایس او کے پاس موجودہ پیٹرول کی وافر مقدار موجود ہے، جبکہ عوام کو پی ایس او آؤٹلیٹس پر پیٹرول کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: غیر معیاری پیٹرول کی درآمد،فروخت پر پابندی کا فیصلہ

بیان کے مطابق پی ایس او نے اپنے پیٹرول کے اسٹاک میں کوئی کمی نہیں کی اور ادارہ کسی بھی حالت میں عوام کو فیول کی بلاتعطل فراہمی کے اپنے وعدے کو پورا کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ جولائی میں وزارت پیٹرولیم نے ملک بھر میں موجودہ کم معیاری پیٹرول (87 رون) کی تیاری، فروخت اور درآمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے عالمی معیار کے پیٹرول (92 رون) کی فروخت کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ملک میں عالمی معیار کا پیٹرول فروخت کرنے کی منظوری

ماہ اگست میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بھی ملک میں عالمی معیار کا پیٹرول فروخت کرنے کی منظوری دے دی تھی۔

منصوبے کے مطابق عالمی معیار کے پیٹرول کی فروخت ستمبر میں شروع ہونی تھی، تاہم اب نومبر سے اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں