مصباح زیادہ میچوں میں قیادت میں عمران کے ہم پلہ

21 اکتوبر 2016
مصباح الحق اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 70 چھکے لگا چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
مصباح الحق اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 70 چھکے لگا چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ میچوں میں پاکستان کی قیادت کا عمران خان کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 48 میچوں میں قیادت کا اعزاز عمران خان کو حاصل تھا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ابو ظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مصباح نے یہ ریکارڈ برابر کردیا۔

اب تک 47 میچوں میں قیادت کرتے ہوئے مصباح 23 میچوں میں فتوحات کے ساتھ پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں۔

مصباح اور عمران خان کے علاوہ جاوید میانداد نے 34 اور انضمام الحق نے 31 ٹیسٹ میچوں میں قیادت کے فرائض انجام دیے جبکہ ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ میچوں میں قیادت کا اعزاز جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ کے پاس ہے جنہوں نے 109 میچوں میں اپنی ٹیم کی قیادت کی۔

مصباح دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں 90 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں اور اس اننگ کے دوران انہوں نے چھکا لگا کر سچن ٹنڈولکر کا 69 چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

مصباح اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 70 چھکے لگا چکے ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈ میک کولم کے پاس ہے جنہوں نے 101 میچوں میں 107 چھکے لگائے۔

انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں نصف سنچری بنانے والے یونس خان نے بیماری سے صحتیاب ہونے کے بعد اپنی سابقہ فارم کا سلسلہ وہیں سے جوڑا اور ایک اور سنچری اسکور کی۔

اس سنچری کے ساتھ ہی وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے بغیر لگاتار سنچریاں بنا چکے ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڈ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب اور مایہ ناز بلے باز سر ڈان بریڈ مین کے پاس تھا جو لگاتار 29 سنچریوں تک نروس نائنٹیز کا شکار نہیں ہوئے۔

اسد شفیق مشکل مرحلے پر بیٹنگ کیلئے میدان میں اترے اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری بنا کر پاکستان کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی لیکن وہ ایک بار پھر نصف سنچری کو سنچری میں تبدیل نہ کر سکے۔

لیکن اسد نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 75ویں اننگ کے دوران 68 رنز کی باری کھیل کر ٹیسٹ میں تین ہزار رنز مکمل کر لیے، وہ پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے 18ویں کھلاڑی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں