سبزی فروش کا بیٹا 21 سالہ یاسر جان دونوں ہاتھوں سے باؤلنگ کرسکتا ہے اور انھوں نے اپنی اسی منفرد صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنانے کا ہدف متعین کردیا ہے۔

یاسر جان دائیں ہاتھ سے 145 اور بائیں ہاتھ سے 135 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کرسکتے ہیں یہی چیز انھیں دوسروں سے منفرد کردیتی ہے۔

پاکستان کی تاریخ کرکٹ میں نئی ایجادات سے مالامال ہے جہاں سویپ اور ریسورس سوئنگ اس کی پہچان ہے لیکن یاسر جان نے اپنی منفرد صلاحیت سے لوگوں کے ذہنوں کو دنگ کردیا ہے۔

یاسر سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز نے دس سالہ معاہدہ کیا ہے اور ان کے کوچ محمد سلمان کا کہنا ہے کہ 'یاسر ایک شاندار ٹیلنٹ ہے'۔

پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد سلمان کا کہنا تھا کہ 'یہ ایک اضافی فائدہ ہے، بحیثیت کپتان جب آپ کے سامنے دائیں اور بائیں ہاتھ کے بلے باز ہوں تو پھر آپ کے پاس ایک ایسے باؤلر کی صورت میں بہترین موقع ہے جو دونوں ہاتھوں سے باؤلنگ کرتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کسی بھی باؤلر کو ایک اوور میں دونوں ہاتھوں سے باؤلنگ کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں ہے'۔

یاسر جان راولپنڈی میں انڈر19کے ایک میچ کے دوران اس وقت منظر پر آئے جب اس کے کپتان نے ان سے ایک غیرمعمولی درخواست کی تھی۔

21 سالہ یاسر نے اپنے کپتان کی اس درخواست کے الفاظ کودہراتے ہوئے کہا کہ'ہماری پوزیشن کمزور ہے کیوں نہ آپ بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کریں؟'

ان کا کہنا تھا کہ 'کوچز بھی ششدر رہ گئے تھے اور کہا کہ یہ بچہ کیا کررہا ہے؟'

ان کی یہ منفرد خوبی قومی سطح پر حال ہی میں متعارف ہوئی، انھیں پاکستان ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید نے لاہور قلندرز کے ایک کیمپ میں دریافت کیا تھا۔

وقار، وسیم سے متاثر

یاسر جان کا باؤلنگ ایکشن جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین سے مماثلت رکھتا ہے اور وہ ان کے موجودہ فیورٹ ہیں لیکن یاسر کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر وقاریونس اور وسیم اکرم سے متاثر ہیں۔

اے ایف پی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ 'میں بچپن سے ہی دونوں ہاتھوں سے باؤلنگ کررہا ہوں'۔

'وقار بھائی اور وسیم بھائی 2003 میں باؤلنگ کررہے تھے جب میں اپنا پہلا ورلڈ کپ دیکھ رہا تھا، مجھے انھیں دیکھنے میں مزہ آرہا تھا....میں نے ان کی نقل کی اور اس پر کام کرتارہا یہاں تک کہ اس کا فائدہ ملا اور اس سے میرے انتخاب میں مدد ملی'۔

یاسر جان پاکستان کرکٹ کے ان قابل فخر کھلاڑیوں میں ایک نیا اضافہ ہیں جنھوں نے نئی دریافت کی، لٹل ماسٹر حنیف محمد جنھوں نے ریورس سوئپ ایجاد کیا تھا یہ سفر آگے بڑھا تو عمران خان اور سرفراز نواز نے ریورس سوئنگ کا اندھا فن متعارف کرایا جو بعد ازاں وقار اور وسیم کے ذریعے پوری دنیا میں مقبول ہوا۔

یاسر جان کو پہلی مرتبہ 2012 میں راولپنڈی انڈر16 ٹیم میں منتخب کیا گیا تھا اور 2013 میں لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے لیے منتخب ہوئے تھا جہاں پاکستان کے سرفہرست نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کی تربیت ہوتی ہے۔

دونوں ہاتھوں سے باؤلنگ کرنے والے یہ نوجوان باؤلر اب قومی ٹیم تک پہنچنے کے لیے محمد سلمان کی سرپرستی میں تربیت حاصل کررہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں