چٹاگانگ میں دلچسپ مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست

اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2016
بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کے بعد انگلش کھلاڑی جشن منا رہے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کے بعد انگلش کھلاڑی جشن منا رہے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

چٹاگانگ: انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 22 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

چٹاگانگ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پانچویں دن کا کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ کو فتح کیلئے دو وکٹیں جبکہ بنگلہ دیش کو 33 رنز درکار تھے۔

بنگلہ دیش نے 253 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ سے اننگ شروع کی تو ان کی امیدوں کا محور صابر رحمان تھے جو 59 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

دن کی صبح صابر کی وکٹ پر موجودگی کو دیکھتے ہوئے ایلسٹر کک نے اسپنرز کے بجائے فاسٹ باؤلرز کو گیند تھمائی اور ان کا فیصلہ بالکل درست ثابت ہوا۔

انگلش فاسٹ باؤلر اسٹورٹ براڈ بنگلہ دیش کی شکست پر مایوس میزبان کھلاڑی صابر رحمان کو دلاسہ دیتے ہوئے۔ فوٹو اے پی
انگلش فاسٹ باؤلر اسٹورٹ براڈ بنگلہ دیش کی شکست پر مایوس میزبان کھلاڑی صابر رحمان کو دلاسہ دیتے ہوئے۔ فوٹو اے پی

اس جوڑی نے دس رنز کا اضافہ ہی کیا تھا کہ دن کے چوتھے اوور میں بین اسٹوکس نے تیج الاسلام کو ایل بی ڈبلیو کردیا، انگلش ٹیم کو اس فیصلے کیلئے تھرڈ امپائر کی مدد لینا پڑی کیونکہ آن فیلڈ امپائر کمار دھرماسینا نے بلے باز کو ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا۔

دوسری اننگ میں 85 رنز کی عمدہ باری کھیل کر انگلینڈ کو معقول مجموعے تک پہنچانے والے بین اسٹوکس نے صرف اسی پر اکتفا نہ کیا بلکہ ایک گیند بعد ہی شفیع الاسلام کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو یادگار فتح سے ہمکنار کراتے ہوئے سیریز میں 1-0 کی برتری دلا دی۔

64 رنز کی ناقابل شکست اننگ کے ساتھ دوسرے اینڈ موجود صابر رحمان بے بسی سے یہ مناظر دیکھتے ہوئے اور شکست کے بعد مایوسی کے عالم میں زمین پر بیٹھ گئے۔

بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگ میں 263 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، انگلینڈ کی اجنب سے گیرتھ بیٹی نے تین جبکہ معین علی، اسٹورٹ براڈ اور بین اسٹوکس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

بین اسٹوکس کو میچ میں آل راؤنڈر کارکردگی پر بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 28 اکتوبر سے ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں