رنگنا ہیراتھ سری لنکا کے معمر ترین کپتان

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2016
ہیراتھ کی کارکردگی کی بدولت سری لنکا نے آسٹریلیا کو وائٹ واش کیا تھا—فائل/فوٹو: اے پی
ہیراتھ کی کارکردگی کی بدولت سری لنکا نے آسٹریلیا کو وائٹ واش کیا تھا—فائل/فوٹو: اے پی

سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجیلو میتھیوز اورنائب کپتان دنیش چندی مل انجری کے باعث زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے جس کے بعد رنگنا ہیراتھ کو قائم مقام کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

38 سالہ رنگنا ہیراتھ سری لنکا کی تاریخ کے معمر ترین کپتان بن گئے ہیں جہاں وہ زمبابوے کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

رنگنا ہیراتھ کا کہنا تھا کہ 'میں 38 سال کی عمر میں قومی ٹیم کے کپتان مقرر کئے جانے پر خوش ہوں'۔

بورڈ کا کہنا تھا کہ چندی مل ڈومیسٹک میچ کے دوران زخمی ہوگئے تھے جبکہ میتھیوز ابتدائی طور پر ٹیم کے اعلان کے بعد پریکٹس کے دوران زخمی ہوکر باہر ہوگئے۔

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم ہیراتھ کی قیادت میں کولمبو سے زمبابوے کے لیے روانہ ہوگئی۔

کپتان کا کہنا تھا کہ 'یہ حقیقت ہے کہ ہمارے پاس تجربہ کار کھلاڑی نہیں ہیں لیکن آسٹریلیا کو ہرانے کے بعد ہمارے پاس زیادہ اعتماد ہے اور زمبابوے میں اسی کارکردگی کے لیے پرامید ہیں'۔

ہیراتھ کی شاندار باؤلنگ کے باعث سری لنکا نے آسٹریلیا کو ہوم سیریز میں پہلی دفعہ وائٹ واش شکست دی تھی۔

سری لنکا کی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں تین نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو پہلی دفعہ اپنی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 29 اکتوبر کو ہرارے میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 6 نومبرکو اسی میدان میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں